• news

پنجاب میں امسال 306 رمضان بازار لگائے جائینگے

لاہور(خبر نگار)پنجاب حکومت نے حسب روایت امسال بھی سستے رمضان بازارلگانے کا فیصلہ کیا ہے اور صوبہ بھر میں مجموعی طور پر 306رمضان بازار لگائے جائیں گے۔پنجاب کابینہ کی پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کو بتایا گیا کہ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو رمضان بازار پلان تیار کرکے 10اپریل تک صوبائی حکومت کو بھجوانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ یہ رمضان بازار 14مئی کو لگادیے جائیں گے جبکہ 15مئی کو انہیں آپریشنل کردیا جائے گا۔ ہر رمضان بازار میں محکمہ زراعت کی فیئر پرائس شاپ بھی ہوگی۔ رمضان بازار صبح 9بجے سے شام 6بجے تک کھلا رہے گا۔ اجلاس میں لارڈ میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید، صوبائی سیکرٹری لائیوسٹاک نسیم صادق اور دیگر متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیاکہ سحری اور افطار کے وقت مستحق افراد کیلئے مخیر اور صاحب ثروت افراد کے تعاون سے 2ہزار مدنی دسترخوان بھی لگائے جائیں گے۔ رمضان بازاروں کے کانٹی جینسی پلان کی حتمی منظوری وزیراعلیٰ پنجاب دیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن