• news

دولت کی بنیاد پر عوام کی گردنوں پر سوار حکمران سیاسی ‘ معاشی دہشتگرد ہیں: سراج الحق

لاہور ( سپیشل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ دولت کی بنیاد پر عوام کی گردنوں پر سوار حکمران سیاسی اور معاشی دہشتگرد ہیں جنہوں نے ملک و قوم کو یرغمال بنارکھاہے ۔ دو فیصد اشرافیہ 98 فیصد عوام پر حکمرانی کررہی ہے ۔ امریکی آلہ کار جان لیں کہ افغانستان سے امریکہ ذلیل و خوار ہو کر نکلے گا ۔ سابق وزیراعظم کو کشمیر ی ، فلسطینی اور پاکستانی مسلمانوں کی بد دعا لگ گئی ہے ۔ کشمیر اور فلسطین میں ظلم و بربریت کی انتہا ہوگئی ہے ۔ مسلم حکمران اور پوری دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔ روزانہ سینکڑوں زخمی اور درجنوں موت کے گھاٹ اتارے جارہے ہیں کہیں سے اس ظلم کے خلاف آواز نہیں اٹھ رہی۔ ایساپاکستان چاہتے ہیں جو دنیا میں عزت و وقار کے ساتھ رہے اور کسی کے سامنے ہمیں ہاتھ نہ پھیلانا پڑیں ۔ حکمرانوں نے پاکستان کو دنیا کی نظر میں بھکاری بنارکھاہے ۔ ایسے پاکستان کا شہری بننا چاہتا ہوں کہ پوری دنیا میرے پاسپورٹ کی قدر کرے ‘ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کی آنکھیں نکال دیں گے‘ افغانستان میں بھی امن دیکھنا چاہتا ہوں۔ اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اللہ کا نظام اور چیف جسٹس کے ہاتھ میں قرآن دیکھنا چاہتا ہوں۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے سوات کے فارم گرائونڈ میں ورکرز کنونشن اور قبل ازیں دارالعلوم سنگھوٹہ میں ختم بخاری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹر مشتاق احمد خان ،محمدامین اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پاکستان پر ستر سال سے حکومت کرنے والے چند خاندان محض اپنی دولت کے بل بوتے پر عوام کا استحصال کر رہے ہیں ۔ الیکشن میں اربوں روپے خرچ کر کے یہ الیکشن اور عوام کی مجبوریوں کو خریدتے ہیں اور پھر ایوانوں میں جا کر قومی دولت لوٹتے ہیں ان کے لیے الیکشن ایک کاروبار اور سیاست و تجارت ہے جس میں اربوں لگا کر کھربوں کماتے ہیں ۔پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے بیشمار معدنی وسائل اور جفاکش عوام سے نوازا ہے ۔ ہماری آبادی کا ساٹھ فیصد سے زیادہ نوجوان ہیں ، لیکن حکمرانوں نے ان نوجوانوں کو سب سے زیادہ مایوس کیا ہے ۔ پانچ دریائوں کی سرزمین پیاسی ہے اور لوگوں کو بھی پینے کا صاف پانی نہیں ملتا۔ انہوںنے کہاکہ ابھی گرمی پوری طرح آئی نہیں ، لیکن اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے لوڈشیڈنگ شروع ہو گئی ہے ۔ لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے دعوے حکمرانوں کا منہ چڑا رہے ہیں ۔

ای پیپر-دی نیشن