• news

مغلپورہ ڈرائی پورٹ پر انڈر انوائسنگ کے ذریعے اڑھائی کروڑ روپے کی ڈیوٹی چوری کا انکشاف

لاہور (خبرنگار) ڈرائی پورٹ مغلپورہ پر کسٹم حکام نے تعمیراتی سروے آلات کی درآمد میں انڈر انوائسنگ کے ذریعے کروڑوں روپے کی ڈیوٹی چوری کا سراغ لگا لیا۔ کسٹم آئی اینڈ پی سیل مغلپورہ نے حکومتی خزانے کو 2 کروڑ 45 لاکھ 16 ہزار 650 روپے نقصان پہنچانے کے الزام میں میرب انٹرپرائز، ڈیٹا سسٹمز لاہور، پوزیشننگ سسٹمز لاہور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کلکٹر کسٹم اپریزمنٹ لاہور جمیل ناصر کو ملنے والی اطلاع پر کسٹم حکام نے بذریعہ تھائی لینڈ آنے والا سامان چیک کیا تو معلوم ہوا کہ انڈر انوائسنگ اور سامان کی غلط تشریح کی گئی ہے۔ PCT HEADING ظاہر کر کے سیٹلائٹ نیوی گیشن اور ایکوئپمنٹ درآمد کیے جا رہے ہیں۔ ای سیٹلائٹ نیوی گیشن سسٹم کو درآمد کرنے کیلئے پیمرا اور پی ٹی اے کا این او سی بھی لازمی ہوتا ہے۔ سنگاپور کی کمپنیوں سوکیا (SOKKIA) اور ٹاپکون (TOPCON) سے منگوائے گئے تعمیراتی سروے آلات کی مالیت دو لاکھ 18 ہزار ڈالر تھی مگر صرف 2310 ڈالر ظاہر کیے گئے۔ کسٹم حکام نے ریکارڈ چیک کیا تو معلوم ہوا کہ 3 مرتبہ پہلے بھی یہی آلات انڈر انوائسنگ کے ذریعے منگوائے جا چکے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن