پی آئی اے نے ملک کے جدید ترین بینظیر ائرپورٹ پر پہلی لینڈنگ کا اعزاز حاصل کر لیا
لاہور (خبر نگار) پی آئی اے کی پہلی آزمائشی پرواز PK9001 اسلام آباد کے بینظیر بھٹو ائر پورٹ سے دوپہر ایک بجکر چار منٹ پر اُڑان بھر کر ایک بجکر انتیس منٹ پر اسلام آباد کے نئے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر لینڈ کر گئی۔ طیارے میں عملے کے سات ارکان سوار تھے۔ اس تاریخی پرواز کو پی آئی اے کے کیپٹن مقصود بجرانی نے آپریٹ کیا جبکہ چیف انجینئر فرحان میر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ پہلی آزمائشی پرواز کو نئے اسلام آباد ائرپورٹ پر پی آئی اے کے عملے نے ہینڈل کیا۔ ائر پورٹ پر طیاروں کو لینڈنگ اور بعد میں فراہم کی جانے والی تمام سہولیات کا استعمال کیا گیا اور ان کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ پاکستان کی تاریخ کے جدید ترین ائر پورٹ پر پہلی لینڈنگ کا اعزاز پاکستان کی قومی پرچم بردارفضائی کمپنی کو حاصل ہوا ہے۔ پی آئی اے کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر مشرف رسول سیان نے ائرلائن ملازمین کو کامیاب پرواز پر مبارکباد دی ہے۔