سوشل میڈیا پر فلائٹ کچن میں غلط تاریخ اندراج والے چینی کے پیکٹ کی خبر چلنے پر پی آئی اے نے متعلقہ کمپنی کو نوٹس بھیج دیا، انکوائری کا حکم
لاہور(خبر نگار) پی آئی اے نے سوشل میڈیا میں گردش کرنے والے چینی کے پیکٹ پر غلط تاریخ کے اندراج کے بارے میں سخت ایکشن لیتے ہوئے چینی فراہم کرنے والی کمپنی کو بلیک لسٹ کرنے اور قانونی کارروائی کا نوٹس بھجوا دیا۔ پی آئی اے کے ترجمان نے کہا ہے کہ پی آئی اے اپنے فلائٹ کچن میں مسافروں کو فراہم کی جانے والی تمام سہولیات پر حفظان صحت کے اصولوںکے مطابق عمل کرتی ہے۔ پی آئی اے کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر مشرف رسول سیان نے واقعہ کا سخت نوٹس لیا۔ سٹاک میں موجود چینی کے پیکٹ مکمل چیکنگ کے بعد سپلائر کو واپس کر دیئے گئے ہیں جبکہ فلائٹ کچن میں موجود دوسرے غذائی مواد کی چیکنگ بھی شروع کر دی گئی ہے ۔ پی آئی اے چیف ایگزیکٹو نے اس سلسلے میں انکوائری کا حکم دیا ہے اور اگر اس میں پی آئی اے کا کوئی ملازم ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف ضروری قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔