• news

سندھ پولیس کے کچھ افسر میرے خلاف سازش کر رہے ہیں : راؤ انوار

کراچی(آئی این پی ) نقیب اللہ قتل کیس میں گرفتار سابق ایس ایس پی ملیر را ئو انوار نے سارا ملبہ اپنی ٹیم کے ارکان پر ڈا لتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ پولیس کے کچھ افسران میرے خلاف سازش کر رہے ہیں، سہراب گوٹھ چوکی انچارج اکبر ملاح سمیت میری ٹیم کے 5 اہلکار نقیب اللہ معاملے میں ملوث ہیں ۔تفصیلات کے مطابق نقیب اللہ قتل کیس کے سلسلے میں بنائی گئی جے آئی ٹی کا اجلاس ہوا، جس میں سابق ایس ایس پی ملیر بھی موجود تھے۔ راؤانوار نے اپنا بیان ریکارڈ کرایا جس میں انہوں نے کہا کہ سہراب گوٹھ چوکی انچارج اکبر ملاح سمیت میری ٹیم کے 5 اہلکار نقیب اللہ معاملے میں ملوث ہیں۔ سندھ پولیس کے کچھ افسران میرے خلاف سازش کر رہے ہیں۔جے آئی ٹی ٹیم نے سہراب گوٹھ میں واقع ہوٹل کا دورہ کیا اور ملازمین سے پوچھ گچھ کی۔ ملازمین نے بیان دیا کہ چوکی انچارج اکبر ملاح چند اہلکاروں کے ساتھ گاڑی میں آیا تھا، یہ اہلکار نقیب اللہ کو اپنے ساتھ گاڑی میں لے گئے، راو انوار ان کے ساتھ نہیں تھا۔ جے آئی ٹی کے ارکان شاہ لطیف ٹا ئو ن کا بھی دورہ کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن