• news

پاکستان‘ امریکہ تعلقات احترام پر مبنی‘ طالبان حقانی گروپ کو افغان سیاسی عمل کا حصہ ہونا چاہئے: اعزاز چوہدری

واشنگٹن( آن لائن ) امریکہ میں پاکستان کے سفیر اعزاز چوہدری نے کہا ہے کہ طالبان اور حقانی نیٹ ورک کو افغانستان کے سیاسی عمل کا حصہ ہونا چاہیے۔یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستانی، امریکی اور عالمی میڈیا سے گفتگو کے دوران اعزاز چوہدری نے صحافیوں کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔اعزاز چوہدری نے کہا بھارتی قابض فورسزنے ظلم و بربریت اورماروائے عدالت قتل کا نیا دور شروع کررکھا ہے۔ پاکستان اس ظالمانہ اقدامات کی سختی سے مذمت کرتاہے جب کہ امریکہ سمیت عالمی برادری بھارتی مظالم کیخلاف آواز اٹھائے۔پاکستانی سفیر کا کہنا تھاپاکستان امریکہ تعلقات مشترکہ احترام پر مبنی ہونے چاہئیں۔ تشویش اورخدشات دونوں ممالک کے تعلقات کے لیے نقصان دہ ہیں۔ تعلقات میں عدم اعتماد سے انسداد دہشت گردی آپریشن کوبھی نقصان پہنچے گا جب کہ تعلقات میں عدم اعتماد سے افغان امن عمل کو دھچکا لگے گا۔اعزاز چوہدری نے کہا کہ افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔ افغانستان میں قیام امن کے لیے افغان قیادت کی شمولیت ضروری ہے جب کہ طالبان اور حقانی نیٹ ورک کو افغانستان کے سیاسی عمل کا حصہ ہونا چاہیے۔اپنی سرزمین کسی کیخلاف استعمال نہ ہونے دینے کے عزم پر قائم ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن