9 سا لہ بچی کیساتھ زیادتی اور قتل کے دو ملزمان کو سزائے موت
راولپنڈی (نیوز رپورٹر)9 سالہ بچی کے ساتھ زیادتی اور قتل کے دو ملزمان کو2/2 مرتبہ موت کی سزا سنادی گئی۔ ہفتہ کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر عباس سپرا نے عائشہ کے اغوا زیادتی اور قتل میں ملوث 2 ملزمان تیمور اور کامران کو2/2 مرتبہ سزائے موت اور 5/5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ عدالت نے ملزمان کو اغوا کے جرم میں بھی عمر قید اور 1/1 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ ملزمان کے خلاف تھانہ ٹیکسلا میں مقدمہ درج کروایا گیا تھا جس میں ان پر9 سالہ عائشہ کو اغوا کر کے زیادتی کے بعد قتل کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ دونوں ملزمان کے خلاف پولیس نے تفتیش کی اور مقدمہ کا چالان مکمل کرکے عدالت میں پیش کر دیا۔ عدالت نے کیس کی سماعت مکمل کرنے اور دونوں فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد ملزمان کو سزا سنا دی ہے،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر عباس سپرا نے قتل کیس میں خاتون سمیت 2ملزمان کو بری کر دیا ہے۔ملزمہ ثمینہ بی بی کے خلاف تھانہ صدر واہ میں ساتھی رشید کے ساتھ مل کر شوہر خرم شہزاد کو قتل کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔