ملک بھر کی جیلو ں میں بند سزائے موت کے قیدیوں کی تفصیلات طلب
لاہور(نامہ نگار ) حکومت نے سرگودھا سمیت ملک بھر کی تمام جیلوں میں بند سزائے موت کے قیدیوں کی تفصیلات طلب کرلیں۔ جیل ذرائع کے مطابق ان میں ایسے سزائے موت کے قیدی بھی موجود ہیں جنہیں ذاتی عناد کی بناء پر قتل کرنے کے جرم میں عدالتوں سے سزائے موت ہوچکی ہے ذرائع کے مطابق ایسے قیدیوں کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں جن کی عدالتوں کی جانب سے سزائے موت کی تاریخ مقرر ہوچکی ہے یا جن کی رحم کی اپیلیں ہائیکورٹ ‘ سپریم کورٹ اور صدر مملکت سے نامنظور ہوچکی ہیں تاکہ ان قیدیوں کو پھانسی دیکر جیلوں پر قیدیوں کا دبائو کم کیا جاسکے اس وقت ملک کی مختلف جیلوں میں سزائے موت کے منتظر قیدیوں کی تعداد 5 ہزار کے لگ بھگ بتائی گئی ہیں ان میں وہ قیدی بھی شامل ہیں جنہیں فوجی عدالتوں سے سزائے موت کی سزاء سنائی جاچکی ہے جو مختلف دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث تھے۔