• news

پاکستان افغانستان مصالحت نہ کرنیوالے عسکریت پسندوں کیخلاف ملکر لڑیں گے : دفتر خارجہ

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ شفقت علی+ دی نیشن رپورٹ) دفتر خارجہ نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے حالیہ دورہ کابل کے بارے میں ایک مفصل بیان اتوار کے روز جاری کیا جس میں بتایا گیا ہے کہ دونوں ملکوں نے سات نکات پر مل کر کام کرنے سمیت چند کلیدی اصولوں کے تحت باہمی طور پر طے شدہ پلان آف ایکشن کے گروپوں کو آپریشنل بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان سات نکات کے مطابق پاکستان افغانوں کی قیادت میں امن اور مفاہمتی عمل کی حمایت کرے گا۔ دونوں ممالک ایسے مفرور اور شرپسند عناصر کے خلاف موثر کارروائی کریں گے جن سے ان کی سلامتی کو خطرات در پیش ہوں۔ دونوں ملک ایک دوسرے کے خلاف ریاست مخالف سرگرمیوں کے لئے کسی ملک، نیٹ ورک، گروپ یا افراد کو اپنی سرزمین استعمال نہیں کرنے دیں گے۔ متفقہ کارروائیوں پر عملدرآمد کے لئے رابطہ افسروں کے ذریعے نگرانی، رابطے اور تصدیق کا مشترکہ نظام قائم کیا جائے گا۔ فریقین اس لائحہ عمل کے تحت ایک دوسرے کی سرزمین کی علاقائی اور فضائی خلاف ورزیوں سے گریز کریں گے اور ایک دوسرے پر الزام تراشی سے اجتناب کریں گے اور باہمی تنازعے اور تشویش کے معاملات کے حل کے لئے تعاون کا طریقہ کار اپنائیں گے۔
دفتر خارجہ

ای پیپر-دی نیشن