کامن ویلتھ ہاکی: پاکستان اور انگلینڈ کا میچ2-2 گول سے برابر
گولڈ کوسٹ/ آسٹریلیا(چودھری اشرف) کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جانے والے میچ بھی دو دو گول سے برابر ختم ہو گیا۔ آسٹریلیا کے شہر گولڈ کوسٹ میں منعقد گیمز میں پاکستان ہاکی ٹیم نے اپنا تیسرا میچ گذشتہ روز ہاکی سنٹر میں انگلینڈ کے خلاف کھیلا۔ اس میچ میں پاکستان ٹیم کے کھلاڑی بلند عزائم کے ساتھ میدان میں اترے۔ پہلے دو کوارٹرز میں مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر تھا تاہم میچ کے ہاف ٹائم کے بعد پاکستان ٹیم نے 33 ویں منٹ میں محمد ارسلان قادر کے فیلڈ گول سے انگلش ٹیم پر ایک گول کی برتری حاصل کر لی۔ تاہم یہ برتری زیادہ دیر برقرار نہ رہی اگلے ہی منٹ میں انگلینڈ نے پنلٹی کارنر پر بال کو جال کی راہ دکھا کر مقابلہ ایک ایک گول سے برابر کر دیا۔ میچ کے 51 ویں منٹ میں انگلینڈ کے سیم وارڈ نے پنلٹی کارنر پر گول کر کے اپنی ٹیم کو ایک گول کی برتری دلا دی۔ چھ منٹ بعد پاکستان ٹیم نے انگلینڈ کی ڈی میں رویو لیا جس پر امپائر ریفری کی جانب سے پاکستان کے حق میں فیصلہ دیا گیا جس فیلڈ امپائر نے پاکستان کو پنلٹی کارنر دیا جس پر پاکستان ٹیم کے کھلاڑی مبشرعلی نے بال کو جال کی راہ دکھا کر مقابلہ دو دو سے برابر کر دیا۔ آخری تین منٹ میں انگلینڈ ٹیم نے برتری حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کی تاہم پاکستان ٹیم کے گول کیپر سمیت ڈیفنس لائن نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے حریف ٹیم کو برتری حاصل کرنے نہیں دی۔ میچ کا اختتام دو دو گول سے ہوا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان ٹیم نے ویلز اور بھارت کے خلاف بھی میچ برابر کھیلے تھے۔ پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان ٹیم کے تین میچ کھیل کر تین پوائنٹس ہیں۔ پاکستان ٹیم پول بی میں اپنا آخری لیگ میچ 11 اپریل کو ملائیشیا کے خلاف کھیلے گی۔