• news

پارلیمنٹ کا مدت پوری کرنا خوش قسمتی‘ نئی حکومت کو ورثے میں مضبوط معیشت ملے گی: محمد زبیر

کراچی (آن لائن)گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ انتخابی عمل اور نئی حکومت کو اقتدار کی کامیاب منتقلی سے ملک کی تاریخ کا ایک نیا باب رقم ہوگا اور ہم سب کو اس میں اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ جمہوریت کے استحکام اور تسلسل کو یقینی بنایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب کے عہدیداروں کے 8 رکنی وفد سے گورنر ہائوس میں ملاقات کے دوران کیا۔ گورنر سند ھ نے کہا کہ یہ نہایت خوش قسمتی کی بات ہے کہ مسلسل دوسری منتخب پارلیمنٹ اپنی مدت پوری کرنے جارہی ہے اور تمام تر خدشات اور افواہوں کے باوجود سینٹ کے انتخابات وقت پر ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے انتخابات کے بعد آنے والی حکومت کو مضبوط معیشت اور امن و امان کی بہتر صورتحال ورثہ میں ملیں گی اور ان کے باعث ملک کی تیز رفتار ترقی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے وزیراعظم کی جانب سے اعلان کردہ ٹیکس ایمنسٹی سکیم کے بارے میں سوال پر کہا کہ تمام متعلقہ تجارتی اور کاروباری تنظیمیں اس کے حق میں ہیں اور انہوں نے اس سکیم کو ہر لحاظ سے معیشت کے لئے خوش آئند اور فائدہ مند قرار دیا ہے۔ گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ قانون کی حکمرانی اور آئین کی با لادستی سے ہی جمہوریت کے بہترین ثمرات عوام تک پہنچائے جا سکتے ہیں۔ اس ضمن میں وکلاء برادری کا جمہوریت کے قیام، استحکام اور تسلسل کے ساتھ ساتھ آئین و قانون کی با لادستی میں کلیدی کردار ہے، جمہوریت کے قیام میں وکلاء برادری کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر یٰسین آزاد کی سربراہی میں آنے والے 50 رکنی وفد سے ملاقات میں کیا۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ ریاست میں فلاح انسانیت کے جذبہ کو فروغ دینے کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کو اپنا آئینی، قانونی اور اخلاقی کردار ادا کرنا ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن