7 لیگی ارکان کے پارٹی چھوڑنے پر ہلچل، جنوبی پنجاب کے اکثر پارلیمنٹرینز ق لیگ میں رہ چکے
لاہور (فرخ سعید خواجہ) سابق نگران وزیراعظم اور ڈیرہ غازی خان کے بزرگ سیاستدان میر بلخ شیر مزاری کی سرپرستی میں راجن پور کے صوبائی حلقہ پی پی 249 سے آزاد حیثیت میں منتخب سردار نصراللہ دریشک، این اے 193 رحیم یار خان سے آزاد حیثیت میں جیتنے والے مخدوم خسرو بختیار، این اے 169 سے چودھری طاہر اقبال سمیت مسلم لیگ ن کی ٹکٹ پر این اے 179 مظفر گڑھ سے سید باسط احمد سلطان بخاری، این اے 190 بہاولنگر سے طاہر بشیر چیمہ، این اے 153 ملتان سے رانا قاسم نون کے مسلم لیگ ن چھوڑ کر جنوبی پنجاب صوبہ محاذ میں شمولیت کے اعلان نے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے تاہم جنوبی پنجاب کی بااثر سیاسی شخصیت عبداللہ شاہ بخاری کے بڑے صاحبزادے سید باسط احمد سلطان بخاری ایم این اے کے چھوٹے بھائی صوبائی وزیر پنجاب سید ہارون احمد سلطان بخاری نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بڑے بھائی کے فیصلے کے برعکس ان سمیت پورا خاندان اور مظفر گڑھ میں ان کے والد عبداللہ شاہ بخاری کے نام پر قائم گروپ مسلم لیگ ن میں نواز شریف کی قیادت میں کھڑا رہے گا۔ اچھا برا وقت آتا رہتا ہے۔ ہم نواز شریف اور شہباز شریف کے ساتھ تھے اور ساتھ رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے بڑے بھائی صاحب اگر آپس کی کسی بات پر خفا ہو گئے ہیں تو بھی مجھے پوری امید ہے کہ وہ واپس مسلم لیگ ن میں آ جائیں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اڑان بھرنے والوں میں الیکشن 2013 میں مسلم لیگ ن کے امیدوار سید عاشق حسین بخاری سے شکست کھا کر دیوان سید عاشق بخاری کے ڈگری کیس میں نااہلی کے بعد ضمنی الیکشن میں مسلم لیگی رہنما میاں حمزہ شہباز کے دیوان سید عاشق حسین بخاری کے صاحبزادوں کی بجائے رانا قاسم نون کو مسلم لیگ ن میں لا کر الیکشن لڑوانے کا فیصلہ ناقص ثابت ہوا ہے۔ مخالف ہوا چلتے ہی رانا قاسم نون چلتے بنے۔ جنوبی پنجاب کوصوبہ بنانے کے لیے محاذ کے قیام سے یہ چہ میگوئیاں ہو رہی ہیں کہ مختلف سیاسی جماعتوں کے افراد بھی صوبہ جنوبی پنجاب کے پلیٹ فارم پر اکھٹے ہوسکتے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ جنوبی پنجاب کے آزاد حیثیت میں صوبائی اسمبلی کے ممبر منتخب ہونے والے افراد آئندہ کیا رویہ اپناتے ہیں۔ جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع سے آزاد حیثیت میں الیکشن جیت کر مسلم لیگ ن میں شامل ہونے والوں میں پی پی 212 خانیوال سے اکبر حیات ہراج، پی پی 213 سے حسین جہانیاں گردیزی، پی پی 218 نوابزادہ عبدالرزاق نیازی، وہاڑی سے پی پی 232 پر چودھری یوسف کسیلیا پی پی 237 محمد نعیم خان بھابھا (وزیر زراعت پنجاب) ڈیرہ غازی خان سے پی پی 242 جاوید اختر، پی پی 244 سید عبدالعلیم شاہ، پی پی 247 سردار جمال لغاری مظفر گڑھ پی پی 252 محمد ذیشان گورمانی، پی پی 253 غلامرتضیٰ رحیم، پی پی 250 سبطین رضا، پی پی 261 عامر طلاق خان، لیہ سے پی پی 266 چودھری اشفاق احمد، رحیم یار خان سے پی پی 288 سردار نواز خان، پی پی 291 مخدو ہاشم جواں بخت شامل ہیں۔ یہ دلچسپ حقیقت ہے کہ ان میں سے بیشتر ماضی میں کنگز پارٹی مسلم لیگ ق میں شامل رہ چکے ہیں۔
فرخ سعید خواجہ