چینی یوآن کو ریزرو کرنسی بنایا‘ سی پیک سے دونوں ملکوں کو فائدہ ہو رہا ہے : وزیراعظم
بیجنگ (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے کہا کہ سی پیک پاکستان کی ترقی اور معاشی خسارے پر قابو پانے میں مددگار ہوگا۔ چین میں باﺅ فورم اجلاس کے موقع پر انہوں نے کہا کہ رواں برس 6فیصد سے زائد ترقی کی شرح حاصل کرلیں گے۔ پاکستانی روپیہ جلد اپنی اصل قدر حاصل کر لے گا۔ پاکستانی معیشت 2سال سے 5فیصد ترقی کی شرح پر قائم ہے۔ سی پیک ون بیلٹ روڈ منصوبے کا اہم حصہ ہے۔ سی پیک سے پاکستان اور چین کو فوائد حاصل ہو رہے ہیں۔ چینی کرنسی بطور ریزرو کرنسی دوطرفہ تجارت کیلئے سودمند ہے۔علاوہ ازیں چینی سرکاری ٹی وی کو انٹرویو میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ چین کا وژن صرف اس خطے کےلئے نہیں بلکہ ساری دنیا کےلئے فائدہ مند ثابت ہو گا، چین دنیا میں اقتصادی آزادی کا چیمپیئن ہے، اپنے لئے راستے کھولنا اور آزادی دینا ہی واحد راستہ ہے جس کے ذریعے آگے بڑھا جا سکتا ہے، پاکستان نے اپنے شعبہ مالیات میں انتظامی حکمت عملی کے تحت چینی کرنسی یوآن کو ریزرو کرنسی کے طور پر اپنایا ہے، شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان کی شمولیت دیگر ممالک کو بھی فائدہ پہنچائے گی، مثبت سمت میں اٹھائے گئے اقدامات پاکستان اور بھارت کے مابین تعلقات کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو ں گے، سی پیک نے پاکستان کو ترقی کرنے اور معاشی قرضے اتارنے میں مدد کی ہے۔چائنا گلوبل ٹیلی وژن نیٹ ورک کو انٹرویو میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین اور سی پیک کے باعث حاصل ہونے والے فوائد کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کی رفتار سے مطمئن ہیں، یہ منصوبہ خطے کو آپس میں جوڑنے میں اہم کردار ادا کرے گا، پاکستان نے سی پیک کے باعث خطے میں ہونے والی ترقی کا اندازہ لگا لیا ہے اور پاکستان پر امید ہے کہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ خطے اور تمام دنیا کےلئے نہایت فائدہ مند ثابت ہو گا۔ گوادر پورٹ فعال ہو چکا ہے اور وسطی ایشیاءکی ریاستوں کو سمندر تک رسائی فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین دنیا میں اقتصادی آزادی کا چیمپئن ہے جبکہ امریکہ اس حوالے سے تحفظ پسندی کی بات کر رہا ہے، اپنے لئے دروازے کھولنا اور آزادی دینا ہی واحد راستہ ہے جس کے ذریعے آگے بڑھا جا سکتا ہے، پاکستان نے اپنے شعبہ مالیات میں انتظامی حکمت عملی کے تحت چینی کرنسی یوآن کو ریزرو کرنسی کے طور پر اپنایا ہے، یہ حکمت عملی دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گی اور یوآن کو بین الاقوامی کرنسی بننے میں مددگار ثابت ہو گی۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان جون میں شنگھائی تعاون تنظیم کا حصہ بنے گا، شنگھائی تعاون تنظیم خطے میں کثبر الجہتی تعاون کا میکانیزم ہے، شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان کی شمولیت دیگر ملکوں کو بھی فائدہ پہنچائے گی، پاکستان اور بھارت کئی معاملات میں اکٹھے ہو رہے ہیں اور پاکستان کی نظر میں ایسے اقدام دونوں ممالک کے مابین تعلقات بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے، چین کا وژن صرف اس خطے کےلئے نہیں بلکہ ساری دنیا کےلئے فائدہ مند ثابت ہو گا۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ بیلٹ اینڈ روڈ اقدام دنیا کے لئے ترقی اور امن کا مثبت پیغام ہے‘ سی پیک منصوبہ پاکستان کی معاشی ترقی کا باعث بنے گا۔قبل ازیں پاکستان اور چین کے درمیان تیل و گیس کے شعبے میں تعاون کی دو مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کردیئے گئے۔ پیر کو یہ دستخط یہاں چین کے صوبہ ہینان کے شہر سان یا میں ایک سادہ تقریب میں کئے گئے جس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی‘ پاور چائنا کمپنی کے نائب صدر لی یانمنگ‘ وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف‘ چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد‘ چین کے سفیر یاﺅ جنگ اور سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔ سمجھوتہ انٹرسٹیٹ گیس سسٹم پاکستان اور پاور چائنہ کے درمیان طے پایا۔ سمجھوتے کے تحت شمال سے جنوب گیس پائپ لائن بچھائی جائے گی۔ گیس پائپ لائن بڑھتی ضرورت والے علاقوں میں سپلائی یقینی بنائے گی پاکستان سٹیٹ آئل اور پاور چائنہ کے درمیان مفاہمت کی یاداشت پر بھی دستخط کئے گئے۔ سمجھوتہ کے تحت آئل ریفائنری کا قیام عمل میں لایاجائے گا اور خام تیل کی پائپ لائن بھی بچھائی جائے گی۔ منصوبہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے کا باعث بنے گا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان چین کی قیادت کے مثبت وژن سے متفق ہے منصوبے کے تحت شمال سے جنوب گیس پائپ لائن بچھائی جائے گی۔اے این این کے مطابق وفاقی منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک پاکستان کی معیشت کیلئے آکسیجن ہے، اس نے پاک چین دوستی کو نئی بلندیوں پر پہنچا دیا۔ سی پیک کی کامیابی کے لئے ملک میں اتفاق رائے ہے ،منصوبوں نے توانائی کے بحران پہ قابو پانے میں مدد دی ،گوادر بندرگاہ ایشیا کی صف اول کی بندرگاہ بن کر ابھرے گی، سی پیک کے 9 صنعتی زون ملک میں روزگار کے نئے موقع پیدا کریں گے،پاکستان وسطی ایشیا ، چین اور جنوبی ایشیا کو جوڑنے کا کاریڈور ہے۔ چین میں باو¿ فورم سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان 2025ءوژن میں ترقی محض سرمایہ کی افزائش کا نام نہیں اس کا ہدف غربت کا خاتمہ ہے ۔
وزیراعظم