عمران پنڈی کے لالو پرساد کے ساتھ گھومتے رہے‘ کسی نے چائے نہیں پوچھی: حنیف عباسی
اسلام آباد(آئی این پی ) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی نے کہا ہے کہ عمران خان راولپنڈی کے لالو پرساد کے ساتھ گھومتے رہے، انہیں کسی نے چائے کا کپ تک نہیں پوچھا،خان صاحب کو تسلیم کرلینا چاہیئے کہ راولپنڈی کے عوام نے انہیں مسترد کردیا۔احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا راولپنڈی کے عوام نے عمران خان کو مسترد کردیاہے ۔ کل ایک اجنبی راولپنڈی شہرکے اندر آیا تھا۔ 5 سال بعد عمران خان راولپنڈی کے لالو پرساد کے ساتھ گلیوں میں گھومتے رہے۔انہوں نے کہا راولپنڈی میں عمران خان کی کسی بھی جگہ شنوائی نہیں ہوئی ان سے پورے شہر میں کسی نے چائے کا کپ نہیں پوچھا، انہیں کسی نے گھاس نہیں ڈالی۔حنیف عباسی نے کہا آج عمران خان ڈیڑھ ارب روپے کے مالک کیسے بن گئے؟ ادارے تحقیقات کریں۔عمران خان کے پاس کون سی مشین ہے جو ڈھائی کروڑ سے ڈیڑھ ارب روپے میں چلا گیا۔ جن لوگوں نے پنجاب میں کام کیا انہیں کہاجاتا ہے کہ تم نے کچھ نہیں کیا۔