• news

حکومت ایمنسٹی سکیم کے معاملے پر پارلیمنٹ میں بحث نہیں چاہتی: سرا ج الحق

اسلا م آباد (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کا اجلاس بلانے کے بعد صدارتی آرڈی نینس لانے کا ایک ہی مقصد ہے کہ حکومت ایمنسٹی سکیم کے معاملے پر پارلیمنٹ میں بحث نہیں چاہتی۔ ایمنسٹی سکیم غلط مقاصد کے لیے لائی گئی ہے، حکومت کالے دھن کو سفید کرنا چاہتی ہے، ایوان کا اجلاس بلانے کے بعد آرڈی نینس لانا افسوسناک ہے۔ وہ پیر کو سینٹ اجلاس میں شرکت کے بعد پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت کو ڈر ہے کہ کوئی اس سے سابقہ ایمنسٹی سکیموں کے متعلق نہ پوچھ لے۔ انہوں نے کہاکہ ایمنسٹی سکیم لانے کا حکومت کا ایک ہی مقصد ہے کہ بلیک منی کو وائٹ کیا جائے اور ٹیکس چھپانے، چرانے اور کھانے والوں کو آئینی تحفظ دیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی صفوں میں بیٹھے ہوئے ٹیکس چور ہر دو چار سال بعد حکومت کو مشورہ دیتے ہیں کہ اب ایمنسٹی سکیم لائے تاکہ وہ اس عرصے میں بنائے گئے کالے دھن، لوٹ مار اور کرپشن کی دولت کو قانونی بناسکیں۔ اس سکیم کا مقصد قطعاً ٹیکس نیٹ بڑھانا نہیں، بلکہ اس کے ذریعے لوٹ مار کرنے والوں کو ریلیف دینا ہوتا ہے ۔ لٹیروں کو قانون کے مطابق پکڑ کر سزا دینا مسئلے کا اصل حل ہے مگر حکومت خوف زدہ ہے کہ یہ کام شروع ہوگیا تو ان کے ارد گرد بیٹھے ہوئے لوگ ہی پکڑے جائیں گے ۔

ای پیپر-دی نیشن