• news

جیب تراشی کا الزام، بھاٹی چوک میں دھرنے پر بیٹھے افراد نے تشدد کرکے نوجوان کو مار ڈالا

لاہور (نامہ نگار) بھاٹی چوک میں دھرنے پر بیٹھے درجنوں افراد نے جیب تراشی کے الزام میں 30سالہ نامعلوم شخص کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا کر موت کے گھاٹ اتار دیا اور نعش ٹیوب ویل پارک میں پھینک دی ہے۔ پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کے مطابق تھانہ بھاٹی گیٹ پولیس کو اطلاع ملی کہ ٹیوب ویل والے پارک میں نامعلوم شخص کی تشدد زدہ نعش پڑی ہے۔ جس پر تھانہ بھاٹی گیٹ پولیس کے اے ایس آئی اسلم نے دیگر اہلکاروں کے ساتھ موقع پر پہنچ کر نعش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے جمع کرا دی ہے۔ دریں اثناء عینی شاہدین نے موقع پر پولیس کو بتایا کہ اس نوجوان کو جیب تراشی کے شبہ میں بھاٹی چوک میں دھرنے میں بیٹھے افراد نے پکڑ کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ ہلاک ہو گیا اور انہوں نے نعش پارک میں پھینک دی ہے۔ اس کے باوجود بھاٹی پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف نامعلوم وجوہات پر قتل کا مقدمہ درج کر کے نعش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے جمع کرا دی ہے۔ پولیس کے مطابق مقتول کے پورے جسم پر تشدد کے نشانات موجود ہیں اور یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے اسے درجنوں افراد نے تشدد کر کے قتل کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن