اداروں کا پرانے کھیل میں حصہ ڈالنا ملک سے وفا نہیں ہو گی: خورشید شاہ
اسلام آباد(آن لائن) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ حکومت صاف اور شفاف انتخابات سے نہیں بنتی اس میں دھونس اور دھاندلی ہوتی ہے اگر اداروں نے پرانے کھیل میں حصہ ڈالا تو یہ ملک کے ساتھ وفا نہیں ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار خورشید شاہ نے پارلیمنٹ ہائوس میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کیا۔ انہوں نے عام انتخابات 2018 پر انگلی اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت صاف اور شفاف انتخابات سے نہیں بلکہ دھونس اور دھاندلی سے بنتی ہے کیونکہ سیاست کا مستقبل حالات پر ہوتا ہے لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ صاف اور شفاف الیکشن کرانا بھی حکومتوں کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ ماضی کے الیکشن پر بھی سوالیہ نشان رہا ہے لیکن اس مرتبہ صاف و شفاف الیکشن کرانا ملک سے وفاداری ہو گی لیکن نواز شریف نے اس بارے میں کیا کہا تھا کہ کچھ نہیں کہوں گا۔ الیکشن کمشن انتخابات کیلئے ایسا ماحول بنائے جس پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے۔ سیاستدانوں کو برابری کی بنیاد پر مواقع ملنا چاہئیں۔پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے ملک میں جمہوریت کو مضبوط نہیں ہونے دیا گیا، قصور وار سیاستدان ہیں، نگران وزیراعظم کو جمہوریت دوست، محب وطن اور ملک کا وفادار ہونا چاہئے، سندھ کی تقسیم کی بات کرنیوالوں کو تسلیم نہیں کرتے۔