• news

’’عمران بھی آج پیش ہونگے‘‘، پھر تو ہم یہیں ہیں، نواز شریف کا قہقہہ

اسلام آباد(چوہدری شاہد اجمل)اسلام آباد کی احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹرسردار مظفر عباسی اور نواز شریف کے وکیل میں تکرار ہوئی، نیب پراسیکیوٹر نے نواز شریف کے وکیل پر تنقید کی اور کہا کہ خواجہ حارث نے یہاں کوئزپروگرام بنالیاہے۔کمرہعدالت میں جب ایک صحافی نے غیر رسمی گفتگو کے دوران میاں نواز شریف سے چوہدری شجاعت حسین کی کتاب سے متعلق سوال کیا کہ تو انہوں نے کہا کہ کتاب پڑھ کر پھر اس پر تبصرہ کروں گا،صحافی نے سوال کیا کہ عمران خان بھی آج انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہوں گے لیکن آپ کے کیس کی وجہ سے ان کا وقت ایک بجے ہے جس پر نواز شریف نے قہقہہ لگاتے ہوئے کہا کہ پھر تو ہم بھی ایک بجے تک یہیں رکیں گے،جب ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا جنوبی پنجاب صوبے کا قیام مسلم لیگ ن کے منشور کا حصہ ہوگا، تو مریم نواز نے سوال پر نفی میں سر ہلاکر جواب دیا۔کیپٹن صفدر نے واجد ضیاء پر خواجہ حارث کی جرح کو جے آئی ٹی سربراہ کا الٹرا سائونڈ قرار دیا۔ جوڈیشل کمپلیکس میں واقع انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی کے لئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی آمد سے قبل کیپٹن صفدر احتساب عدالت سے روانہ ہوگئے ، ذرائع کے مطابق سیکیورٹی حکام کہ ہدایت پرکیپٹن(ر)صفدر عدالت سے چلے گئے اس حوالے سے ان کا کہنا تھاکہ عمران خان کی پیشی کے بعد آ جائونگا۔ اس سے قبل کیپٹن (ر) صفدر نے صحافیوں سے کہا کہ آج عدالت میں 2 کپتانوں کا آمنا سامنا ہوگاہم سیاسی بندے ہیں عمران خان آئے تو ان کیلئے ہاتھ پھیلائوں گا۔ جوڈیشل کمپلیکس انتظامیہ نے عمران خان کی آمد سے قبل ہی کیپٹن صفدر کو جوڈیشل کمپلیکس سے باہر نکال دیا۔

ای پیپر-دی نیشن