سینٹ اجلاس، نئے ارکان نے شعلہ بیانی اور خود گفتاری شروع کردی
اسلام آباد (عترت جعفری) سینٹ میں نئے ارکان نے اپنی شعلہ بیانی اور خوش گفتاری کا جادو جگانا شروع کردیا ہے۔ گزشتہ روز اس کا آغاز مسلم لیگ ن کے نومنتخب سینیٹر رانا مقبول نے کیا۔انہوں نے ’’یوم دستور‘‘ کے حوالے سے اپنی تقریر انگریزی زبان میں کی تاہم مختصر تقریر میں علامہ اقبال، اسد اﷲ غالب کے اشعار جابجا پڑھے۔ چیئرمین نے بھی ان کی شعر گوئی کا تذکرہ کیا۔ ’’یوم دستور‘‘ پر اظہار خیال کیلئے کوئی تحریک ایجنڈا پر نہیں تھی اس جانب سینیٹر عائشہ فاروق رضا نے توجہ دلائی جس کے بعد چیئرمین سینٹ نے ایجنڈا کی تمام کارروائی مکمل ہونے کے بعد ’’یوم دستور‘‘ کے حوالے سے اظہار خیال کا موقع دیا۔ دیگر سینیٹرز نے بھی اس حوالے سے اظہار خیال کیا جس پر اکرم بزنجو بھی شامل تھے۔ عثمان کاکڑ نے پختونوں کے جاری احتجاج کی طرف میڈیا کی عدم توجہ کا گلہ کیا۔ میاں رضا ربانی نے جب اظہار خیال کرنا چاہا تو چیئرمین نے کہا کہ آپ اپنے دور میں ایجنڈا کے دوران کسی اور نکتۂ پر بات نہیں کرنے دیتے تھے۔