چیف جسٹس کی منصب سنبھالنے کے بعد پہلی بار کوئٹہ میں مقدمات کی سماعت
اسلام آباد ( محمدصلاح الدین خان )چیف جسٹس کا عہدہ سنبھالنے کے بعد مسٹر جسٹس میاں ثاقب نثارپہلی بار سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری(بلوچستان ) میں مقدمات کی سماعت کررہے ہیں ،چیف جسٹس سمیت عدالت عظمیٰ کے5ججز کوئٹہ رجسٹر ی میں تین روزتک مختلف مقدمات کی سماعت کرنے سے بلوچستان کے وکلاء میں بھی جوش خروش پایا جاتا ہے ، قانونی ماہرین کے مطابق بلوچستان کے وکلاء کوسپریم کورٹ پرنسپل سیٹ اسلام آباد میں آنے میں دشواری پیش آتی ہے جس کے باعث بلوچستان سے آنے والے مقدمات کی تعدادانتہائی کم ہے ۔ ذرائع کے مطابق ، بلوچستان میں زیر التواء مقدمات کی تعداد دیگر صوبوں کے مقابلے میں سب سے کم ہے اس وقت بلوچستان کی عدالتوں میں تقریباً20ہزار مقدمات زیر سماعت ہیں ، ان میں سپریم کورٹ رجسٹری برانچ میںایک ہزار مقدمات زیر سماعت ہیں بلوچستان ہائیکورٹ میں 6ہزار 30 مقدمات زیر سماعت ہیںجبکہ ماتحت عدلیہ میں 12ہزار 8سو31مقدمات زیر سماعت ہیں۔ پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین کامران مرتضیٰ جن کا تعلق صوبہ بلوچستان سے ہے ان کا کہنا ہے کہ ، بلوچستان کے عوام کی خواہش رہی ہے کہ چیف جسٹس یہاں کے دورے کریں دیگر صوبوں کی طرح عوام کے مسائل حل کریں اور زیر التواء مقدمات کی جلد سماعت ہو تاکہ لوگوں فوری انصاف مل سکے۔