• news

جانے والے پیر تک آجائیں، خالد مقبول: ڈیڈ لائن مناسب نہیں، فاروق ستار

کراچی (نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ایم کیو ایم کے سابق کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار سمیت ان کی رابطہ کمیٹی، عوامی نمائندوں سمیت ذمہ داران کو دعوت دی ہے وہ 16اپریل تک بہادرآباد واپس آجائیں، اس کے بعد جو آئے گا وہ کارکن کی حیثیت سے آئے گا، ہمارے دروازے نہ پہلے بند ہوئے تھے نہ اب ہوں گے اس مدت کے بعد جو آئے اس کی ذمہ داری کا تعین اس وقت کے حالات کے تحت کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ فاروق بھائی جو فرمائش کررہے ہیں اس کو پورا کرنا ہمارے اختیار میں نہیں ، یہ رابطہ کمیٹی ہی ہے جس نے ہمیں کنوینر اور ڈپٹی کنوینر بنایا ہے جس کی اکثریت کے پاس یہ اختیار ہے آج مجھے میری غلطیوں پر میری ذمہ داری سے سبکدوش کردے لیکن میں رابطہ کمیٹی کو سبکدوش نہیں کرسکتا۔ ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز بہادر آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا فاروق بھائی کا یہ مطالبہ ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی معطل کردی جائے سمجھ سے بالاتر ہے لیکن ہماری مجبوری یہ ہے ہمارے پاس اس بات کا اختیار نہیں کہ ایک فیس کیلئے پوری پارٹی کو ڈی فیس کردیں ایسا ممکن نہیں، ہم یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ فاروق بھائی آئیں رابطہ کمیٹی منتظر ہے ، 5فروری کو جیسے رابطہ کمیٹی چل رہی تھی ہم آپ کے ساتھ ہیں چلانے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا یہ ایک ہفتہ نکلنے کے بعد ایم کیو ایم تیزی سے الیکشن کی تیاری کرے گی، مذاکرات کوئی کرتا ہے ہم اس کیلئے دروازے بند نہیں کریں گے ہماری طرف آنے کی مدت اگلے ہفتے بعد بند ہو جائے گی۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے جو بھی جاتا ہے مجھے سوری کا مسیج بھی کرتا ہے۔ خالد مقبول کا لہجہ کافی مفاہمی اور مصالحتی تھا۔ مذاکرات سے متعلق خالد مقبول نے جو کچھ کہا وہ آدھا سچ ہے۔ خالد مقبول سے طے ہوا رابطہ کمیٹی سے اختیار لے لیتے ہیں۔ خالد مقبول اگلے دن ایک اور ڈپٹی کنونیئر کو ساتھ لے آئے۔ اس ڈپٹی کنونئر نے کہا ایسا نہیں ہو سکتا۔ کل تک میں نمائشی سربراہ تھا آج خالد بھائی نمائشی سربراہ ہیں۔ قوم کو یکجا کرنے کیلئے رابطہ کمیٹی قربانی دے‘ کسی کو بھی تنظیم پر فوقیت نہیں دی۔ اصل مسئلہ بہادر آباد کے لوگوں کے ساتھ کام کرنے کا ہے۔ ہم نے کل ضمیر بیچا نہ آج بیچیں گے کچھ باتیں آج محفوظ کر لی ہیں‘ 12اپریل کو بتائوں گا۔خصوصی رپورٹر کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے خالد مقبول صدیقی کی جانب سے ڈیڈ لائن کی باتیں مناسب نہیں اور وہ مسئلے کو جتنا جلدی حل کرلیں اچھا ہوگا۔ کارکن تھا‘ کارکن ہوں اور رہوںگا۔ خالد مقبول صدیقی کے پاس مینڈیٹ نہیں میری طرح نمائشی سربراہ ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن