نواز شریف پر جوتا پھینکنے کے مقدمہ سے انسداد دہشت گردی دفعات خارج کرنے کیخلاف پنجاب حکومت کی اپیل پر ملزموں کو نوٹس جاری
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف پر جوتا پھینکنے والے ملزموں کے مقدمے سے انسداد دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے کے خلاف پنجاب حکومت کی اپیل پر تینوں ملزموں کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ جسٹس سردار شمیم خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے پنجاب حکومت کی اپیل پر سماعت کی۔ اپیل میں نواز شریف پر جوتا پھینکنے والے ملزموں کیخلاف انسداد دہشت گردی قانون کی دفعات ختم کرنے کے عدالتی فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملزم سنگین نوعیت کے جرم کے مرتکب ہوئے ہیں ان کے عمل سے پورے ملک میں انتشار پھیلا لیکن انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اس سنگینی کا اندازہ کئے بغیر ہی مقدمہ سے انسداد دہشت گردی کی دفعات کو ختم کر دیا۔ پنجاب حکومت کی اپیل پر آئندہ سماعت دو مئی کو ہوگی۔