• news

مسلم لیگ کا پارٹی ارکان کی وفاداریاں تبدیل کرانے والے عناصر کو بے نقاب کرنیکا فیصلہ

اسلام آباد (محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مسلم لیگ ن کی اعلٰی قیادت نے پارٹی ارکان اسمبلی کی وفاداریوں کو تبدیل کرنے والے عناصر کو ’’بے نقاب‘‘ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی کے قائد محمد نواز شریف نے آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن کی اکثریت روکنے کی کوششوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ منگل کو مسلم لیگ ن کا اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس پنجاب ہاؤس میں منعقد ہوا جس کی صدارت پارٹی کے قائد محمد نواز شریف نے کی جبکہ اجلاس میں وزیر دفاع خرم دستگیر، زاہد حامد، مریم نواز، پرویز رشید، چوہدری ریاض، میاں جاوید لطیف اور دیگر رہنما موجود تھے۔ اس موقع پر سندھ سے وکلا کا وفد بھی موجود تھا۔ اجلاس میں وکلا نے میاں نواز شریف کو یقین دہانی کرائی کہ آئین و قانون کی بالادستی کیلئے جاری جدوجہد میں پوری وکلا برادری ان کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ جیل سے مجھے ڈرایا نہیں جاسکتا۔ وہ ووٹ کی عزت بحال کرانے کیلئے پوری قوت سے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ دباؤ اور جبر کے حربے ماضی میں بھی استعمال ہوتے رہے لیکن عوام کا فیصلہ تبدیل نہیں ہوا جب بھی عوام کو آزادانہ فیصلہ کرنے کا موقع ملا۔ انہوں نے مسلم لیگ کے حق میں فیصلہ دیا۔ اجلاس میں سندھ سے وکلاء کی تنظیموں نے وکلاء سے خطاب کرنے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی وہ جلد کراچی کے دورے پر جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن