• news

مرکزی حکومت قبائلی عوام کو ان کے حقوق دینے پر تیار نہیں: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ مرکزی حکومت قبائلی عوام کو ان کا حق دینے کو تیار نہیں، اگر حکومت نے قبائلی عوام کے جائز حقوق کو دبائے رکھا تو پھر اسلام آباد اور پشاور کا محاصرہ کرکے دھرنے دینے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں رہے گا۔ قبائلی عوام کے حقوق کیلئے ان کی جدوجہد میں پہلی صف میں ہونگا، پاکستان کے ہر مسئلے کا حل موجود ہے لیکن حکمران مسائل کے حل کی صلاحیت اور اہلیت سے محروم ہیں، حکمرانوں کا کوئی وژن ہے نہ وہ عوام کے مسائل سے آگاہ ہیں، حکمرانوں کی نااہلی سے پاکستان دو لخت ہوا باقی ماندہ ملک کے مستقبل کو خطرات درپیش ہیں، اسلام آباد میں شراب کے نشے میں دھت امریکی فوجی نے دو نوجوانوں کو کچل دیا جن میں سے ایک شہید ہوگیا دوسرا زخمی ہے اسکے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی، کہتے ہیں کہ انہیں استثنیٰ حاصل ہے، شہریوں کو قتل کرنے والوں کیلئے کوئی استثنیٰ نہیں، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ امریکی فوجی کے خلاف درج ایف آئی آر کو منظر عام پر لایا جائے۔ عوام پوچھتے ہیں کہ اب تک جوزف کو گرفتار کیوں نہیں کیا گیا، حکمرانوں نے ملک و قوم کو پوری دنیا کے سامنے رسوا کر دیا ہے۔ منصورہ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے مہمند ایجنسی غازی بیگ میں شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے کیا۔ جلسہ میں مہمند ایجنسی کی معروف سماجی وسیاسی شخصیت ملک معمبر سمیت درجنوں عمائدین نے خاندانوں، ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ قبل ازیں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کایکہ غنڈ، ڈنڈ اور غلنئی سمیت مختلف مقامات پر قبائلی نوجوانوں نے پرتپاک استقبال کیا اور انہیں ایک بڑے جلوس کی شکل میں جلسہ گاہ لایا گیا،جلسہ عام سے امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان،جے آئی یوتھ پاکستان کے صدر محمدزبیرگوندل،امیرجماعت اسلامی فاٹا سردار خان اور مہمند ایجنسی کے امیر ملک سعید خان نے بھی خطاب کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکمرانوں نے ملکی معیشت کو تباہی سے دوچارکرکے ملک کو دیوالیہ بنا دیا، روپیہ کی کوئی حیثیت باقی نہیں رہی، ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ حکمرانوں کو ملک و قوم سے کوئی سروکار نہیں، انہیں عوامی مسائل کے حل سے نہ دلچسپی ہے نہ وہ اس کی صلاحیت رکھتے ہیں، حکمرانوں کی غلط پالیسیوں سے ملک کا نوجوان مایوس ہے۔ اس وقت ہزاروں قبائلی عوام کے شناختی کارڈ نادرا نے بلاک کئے ہوئے ہیں شناختی کارڈ کسی بھی شہری کا بنیادی حق ہے لیکن گذشتہ کئی سال سے قبائلی عوام اپنے اس قانونی حق سے محروم ہیں۔ اگر قبائلی عوام کے مطالبات حل نہ ہوئے تو پھر پشاور اور اسلام آباد کے محاصرے بھی ہوسکتے ہیںاور دھرنے بھی دیئے جا سکتے ہیں، پھر کوئی بھی ہمارا راستہ نہیں روک سکے گا۔ وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ وہ سنجیدگی سے قبائلی عوام کے مسائل سن کر ان کے حل کیلئے ضروری اقدامات اٹھائیں۔ قبائل پرامن اور محب وطن پاکستانی ہیں قبائلی عوام کو دہشت گردکہنا، شک کی نگاہ سے دیکھنا ان کوبدنام کرنا یہ دشمن کا ایجنڈا ہے پاکستان کا نہیں۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ عوام اب جاگ گئے ہیں۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ بہت جلد یہ لٹیرے جیلوں میں ہونگے اور ان سے ایک ایک پائی کا حساب لینگے۔

ای پیپر-دی نیشن