ملتان: بچے سے زیادتی کا ملزم شہریوں کے تشدد سے ہلاک‘ 10 افراد کیخلاف مقدمہ
ملتان (خبر نگار خصوصی) ڈیرہ اڈا پر صلاح الدین پارک میں بچے سے زیادتی کرنے والا مبینہ طور پر شہریوں کے تشدد سے ہلاک ہو گیا۔ پولیس نے قتل کے الزام میں 10 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ معلوم ہوا ہے کہ گجرکھڈہ کا رہائشی رضوان الدین چاہ تھلے والا کے رہائشی دو بھائیوں کو ورغلا کر پارک میں لے گیا جہاں پر اس نے 8 سالہ بچے اسد کے ساتھ زیادتی کی اس دوران پارک کے مالی محمد ابوبکر‘ محمد عمران وغیرہ نے ملزم کو زیادتی کرتے ہوئے برہنہ حالت میں پکڑ لیا۔ موقع پر موجود دیگر افراد کے ساتھ مل کر اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔ بعدازاں اسے جلیل آباد پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس ملزم کو موٹر سائیکل پر بٹھا کر لے گئی۔ پولیس کے مطابق ملزم دل کا مریض تھا اس کی حالت ٹھیک نہیں تھی اسے نشتر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر وہ ہلاک ہو گیا جبکہ پولیس نے ہلاک ہونے والے رضوان کے خلاف بچے کے ساتھ زیادتی کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور ہلاک ہونے والے رضوان کے بھائی معین الدین کی درخواست پر عمران‘ ابوبکر‘ رفیق وغیرہ کے خلاف بھی قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔