آشیانہ سکینڈل، شاہد شفیق کا طبی معائنہ کرایا جائے: احتساب عدالت، اہلیہ کا تشدد کرنے کا الزام، نیب نے کچھ نہیں کہا، کھانا بھی دے رہا ہے: ملزم
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) احتساب عدالت لاہور نے آشیانہ ہائوسنگ سکینڈل میں ملوث کنسٹرکشن کمپنی کے چیف ایگزیکٹو افسر شاہد شفیق کا شیخ زید ہسپتال سے طبی معائنہ کا حکم دیدیا ہے۔ عدالت نے یہ حکم ملزم شاہد شفیق کی اہلیہ عروج شاہد کی درخواست کی سماعت کرنے کے بعد جاری کیا۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیاتھا کہ نیب ملزم شاہد شفیق کو تشدد کانشانہ بنا رہا ہے اور اسے کھانا فراہم نہیں کیا جا رہا ہے۔ عدالت شاہد شفیق کے طبی معائنے کا حکم دے سماعت کے دوران جب عدالت نے ملزم شاہد شفیق سے استفسار کیا کہ وہ کہاں ہے اور کیا اس کو کھانا فراہم کیا جارہا ہے جس پر ملزم نے عدالت کو بتایا کہ وہ نیب کی زیرحراست ہے اس پر کسی قسم کا تشدد نہیں کیا جارہا جبکہ نیب لاہور اسے کھانا بھی فراہم کررہا ہے جس پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔ نیب لاہور نے ملزم شاہد شفیق کا جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد ملزم کو عدالت میں پیش کیا تھا۔