اسلام آباد ہائیکورٹ نے علی جہانگیر صدیقی کی تعیناتی کا ریکارڈ، سمری مانگ لی
اسلام آباد(وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے علی جہانگیر صدیقی کو امریکہ میں پاکستانی سفیر تعینات کرنے کیخلاف کیس میں سابق سفیر جہانگیر اشرف قاضی، سابق سیکرٹری خارجہ انعام الحق ایڈووکیٹ مخدوم علی خان اور ایڈووکیٹ بابر ستار کوعدالتی معاون مقرر کردیا ہے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر معاونین کو طلب کرلیا ہے عدالت نے حکومت سے علی جہانگیر صدیقی کی تعیناتی سے متعلق تمام ریکارڈ اور سمری عدالت میں پیش کرنے کا بھی حکم دیدیا ہے۔ عدالت نے حکم نامے میں رجسٹرار ہائی کورٹ کو ہدایت کی ہے کہ وہ کل 13 اپریل سے پہلے عدالتی معاونین تک یہ حکم نامہ اور دیگر مواد پہنچائیں۔ عدالت نے اپنے تحریری حکم میں آئندہ سماعت میں سیکرٹری کابینہ ڈویڑن، سیکرٹری خارجہ، وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اور علی جہانگیر صدیقی بھی تحریری جواب عدالت میں جمع کروانے کی ہدایت کی ہے۔ سماعت 2 مئی تک ملتوی کردی گئی ہے۔