مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بدترین دہشتگردی پر عالمی خاموشی افسوسناک ہے: حافظ سعید
لاہور(خصوصی نامہ نگار)امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان حافظ محمد سعید نے بھارتی فوج کی طر ف سے مقبوضہ کشمیر میں سات کشمیری شہید اور بیسیوں افراد کو زخمی کئے جانے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے شوپیاں اور اسلام آباد (اننت ناگ) میں خون کی ندیاں بہائی گئیں اور اب کولگام میں بدترین دہشت گردی کا ارتکاب کیا گیا ہے۔ شکست خوردہ بھارتی فوج کشمیریوں کی جدوجہد آزادی سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر بدترین دہشت گردی کا ارتکاب کر رہی ہے۔ نہتے کشمیریوں پر گولیاں برسائے جانے پر بین الاقوامی دنیا کی خاموشی افسوسناک ہے۔ دختران ملت سے وابستہ خواتین کو گرفتار کرنے اور ہتھکڑیاں لگا کر عدالت میں پیش کرنے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ بھارتی فوج نے پچھلے کچھ عرصہ سے کشمیریوں کی نسل کشی کا سلسلہ تیز کر رکھا ہے۔ بی جے پی سرکار کے دبائو پر پوری حریت قیات نظربند ہے اور انہیں نماز جمعہ تک ادا کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی۔حافظ محمد سعید نے کہاکہ بھارتی فوج کی وحشیانہ قتل و غارت گری ساری دنیا دیکھ رہی ہے مگر افسوسناک امر یہ ہے کہ نام نہاد انسانی حقوق کے علمبردار اداروں اور ملکوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت پاکستان کشمیریوں کے صحیح وکیل ہونے کا کردار ادا کرے اور سفارتی سطح پر بھرپور تحریک چلاتے ہوئے انڈیا کی دہشت گردی کو عالمی دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے۔انہوںنے کہاکہ اقوام متحدہ نے کشمیر کے مسئلہ پر قراردادیں منظور کر رکھی ہیں۔ پاکستان اور دیگر اسلامی ملکوں کو یو این پر بھی دبائو بڑھانا چاہیے کہ وہ اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کروائے اور کشمیر میں جاری ظلم و بربریت بند کروایا جائے۔