کراچی: سٹی کورٹ مال خانے میں آتشزدگی، راکٹ، بم پھٹتے رہے، چھت کا ایک حصہ گر گیا
کراچی (کرائم رپورٹر) سٹی کورٹ کراچی کے مال خانے میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں دھماکہ خیز مواد راکٹ، بموں اور منشیات سمیت اہم مقدمات کا سامان جل کر تباہ ہوگیا جبکہ آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران دھماکہ خیز مواد اور بموں کے دھماکوں سے سٹی کورٹ کے قریب واقع عمارتوں میں رہنے والے شدید خوف و ہراس کا شکار رہے۔ آتشزدگی کے نتیجے میں مال خانے کی چھت کا ایک حصہ بھی منہدم ہو گیا۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے سنارکل اور ایک درجن سے زائد فائر ٹینڈرز کی مدد سے سات گھنٹے کی مسلسل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔ آئی جی پولیس سندھ اے ڈی خواجہ‘ ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر اور ڈی آئی جی سائوتھ آزاد خان نے متاثرہ مال خانے کا معائنہ کیا جبکہ واقعہ کی تحقیقات کا حکم بھی دیدیا گیا۔ سٹی کورٹ کے مال خانے جہاں مقدمات کی شہادتوں کے طور پر پیش کیا جانے والا سامان رکھا جاتا ہے میں آگ منگل اور بدھ کی درمیانی شب تقریباً سوا دو بجے لگی۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آتشزدگی کے نتیجے میں پورا مال خانہ اور اس میں موجود سامان جل گیا جس میں دھماکہ خیز مواد اسلحہ‘ منشیات اور دیگر سامان شامل ہے البتہ فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی اور خیال کیا جاتا ہے کہ آگ الیکٹرک شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی۔