پنجاب: ماتحت عدلیہ میں ججز کی 800 آسامیاں خالی، مقدمات 12 لاکھ سے زائد
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور سمیت صوبہ بھر کی ماتحت عدالتوں میں ججز کی خالی آسامیوں کی تعداد 800، زیر التواء مقدمات کی تعداد 12 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔ ماتحت عدالتوں میں 150 ایڈیشنل سیشن ججز اور 650 سے زائد سول جج کی آسامیاں خالی ہیں۔ ججز کی اتنی بڑی تعداد میں آسامیاں خالی ہونے کی وجہ سے سول اور سیشن عدالتوں میں زیر التوا مقدمات کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔ ہائیکورٹ میں مجاز اتھارٹی سائلین کو بروقت انصاف نمٹانے اور زیر التوا مقدمات میں کمی لانے کے لئے نئے جوڈیشل افسروں کو بھرتی کرنے پر غور کررہی ہے۔ یہ بھرتی عدالت عالیہ کی بجائے پنجاب پبلک سروس کمشن کے ذریعے کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔