قصور: دوہرے قتل میں ملوث دونوں ملزموں کو سزائے موت و جرمانے کا حکم
قصور (نمائندہ نوائے وقت) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شعیب انور قریشی نے تھانہ تھہہ شیخم کے علاقہ میں سال 2011ء میں قتل کے مقدمہ کی پیروی سے باز رکھنے کیلئے مخالفین کے ہاتھوں قتل ہونے والے دوہرے مقدمہ قتل کا فیصلہ سناتے ہوئے دو ملزمان نثار احمد اور فرمان علی کیخلاف جرم ثابت ہونے پر دونوں کو سزائے موت اور چار لاکھ روپے ہرجانہ کی سزا سنائی۔ ہرجانہ کی رقم مقتولین کے ورثاء کو ادا کی جائیگی۔ استغاثہ کے مطابق کوٹ پنجانوالا، کوٹ رادھاکشن کے میو برادری کے نثار احمد اور مقتولین عبدالمجید، جمال دین کے درمیان 2006ء میں قتل کے مقدمہ کی رنجش چلی آرہی تھی، ملزمان نے سابقہ قتل کے دو گواہان کواس وقت موت کے گھاٹ اتار دیا تھا جب وہ جواد الحسن سابق ASJ قصور کی کورٹ سے پیشی بھگت کر واپس گائوں کی طرف آرہے تھے۔ 9 جولائی 2011ء کو مقتولین عبدالمجید اور جمال دین بھی قصور کچہری سے پیشی سے فارغ ہو کر کی طرف واپس جا رہے تھے تھانہ تھہ شیخم کے علاقہ میں ملزمان مسلح ہو کر گھات لگا کر بیٹھے تھے، دونوں مقتول موٹر سائیکلوں پر انکے قریب پہنچے تو ان پر اندھا دھند کر فائرنگ کر کے دونوں کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔ پولیس تھانہ تھہہ شیخم نے جمیل احمد کی رپورٹ پر مقدمہ درج کیا تھا۔