ججز ، سفیروں ، اعلٰی افروں کی تعیناتی کیلئے پارلیمنٹ سے اجازت کی آئینی ترمیم سینٹ میں پیش
اسلام آباد (ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے تمام اعلیٰ افسروں کی تقرریوں بشمول ججز و سفیروں کی تعیناتی کی پارلیمینٹ سے پیشگی اجازت اور توثیق کے لیے آئینی ترمیم پیش کر دی۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ امریکہ میں پاکستانی سفیر کی تقرری آئینی و قانونی ضابطہ کار کے مطابق ہوئی ہے اس سے قبل بھی امریکہ میں فارن سروس سے ہٹ کر جرنیل، سیاستدان، بزنس مین پاکستانی سفیر تعینات ہو چکے ہیں، نئے سفیر علی جہانگیر صدیقی کے خلاف نیب میں کوئی مقدمہ قائم نہیں ہے، وزیراعظم ذاتی حیثیت میں امریکہ گئے تھے شاہد خاقان عباسی کی طرف سے پروٹوکول نہ لینے کی حمایت ہونی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو سینٹ میں سینیٹر ثمینہ سعید کے امریکہ کے لیے ایک نا تجربہ کار شخص کی بطور سفیر تعیناتی باوجود اس حقیقت کے کہ ان کے خلاف ایسے الزامات ہیں جو زیر تفتیش ہیں سے متعلق توجہ مبذول کرانے کے نوٹس پر کیا اس معاملے پر محرک خاتون کی طرف سے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پر الزامات لگانے پر وزیراعظم کی بہن سینیٹر سعدیہ عباسی سے تلخ کلامی ہو گئی قائد ایوان سینیٹر راجہ ظفر الحق نے اعتراض کیا کہ توجہ مبذول کرانے کے نوٹس پر محرک کی طویل تقریر نہیں ہو سکتی اس قسم کی اجازت کیوں دی جاتی ہے۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ امریکہ میں نئے سفیر کی تقرری قانون کے مطابق ہوئی ہے امریکہ میں اپنے نظام کے تحت چار ہزار اعلیٰ تقرریاں کی جاتی، وہاں کی سینٹ سے منظوری لی جاتی ہے پاکستان میں اعلیٰ تقرریوں کی پارلیمینٹ سے پیشگی اجازت لینے کے لیے آئین میں ترمیم کرنا ہو گی حکومت آئین پارلیمینٹ کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اور اس ترمیم کی حمایت کرتی ہے جو آئین میں ترمیم لے آئیں تمام اعلی تقرریوں کا اختیار امریکہ کی طرح پاکستان میں بھی پارلیمنٹ کے پاس ہونا چاہئے۔ نیب کی تفتیش تو سیاستدانوں اور ارکان پارلیمینٹ کے خلاف بھی ہو رہی ہیں کیا کوئی تفتیش عہدے لینے میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔ سرکاری ملازمین کے خلاف بھی نیب تفتیش کر رہا ہے الزامات ثابت ہونے تک کوئی رکاوٹ نہیں ہوتی۔ وزیراعظم نے برطانیہ میں بھی تنہا سفر کیا اور ہوائی اڈے سے جہاز سے اترنے کے بعد اکیلے ٹرین میں بیٹھ کر منزل کی طرف چلے گئے ایک طرف پروٹوکول لینے پر اعتراض کیا جاتا ہے۔ سینٹ میں بدھ کو افغان علاقے قندوز میں مدرسہ پر امریکی طیاروں کی بمباری اور اسکے نتیجہ میں 300 قیمتی جانوں کے ضیاع کے سانحہ کے خلاف حکومت اپوزیشن کی مشترکہ مذمتی قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ قرارداد جے یو آئی (ف) کے رہنما سینیٹر مولانا عطاء الرحمان نے پیش کی قائد ایوان سینیٹر راجہ ظفر الحق اپوزیشن لیڈر شیری رحمان ، امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما محسن عزیز نے اپنی اپنی جماعتوں کی طرف سے قرارداد کی تائید کی ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ دو ہفتے قبل مدرسہ جامعہ ہاشمیہ پر امریکی طیاروں کی بمباری کی مذمت کرتا ہے اس سانحہ میں 250 سے 300 حفاظ بچے شہید ہو گئے ایوان بالا اس بمباری کی مذمت کرتے ہوئے افغان مسلمانوں اور حفاظ بچوں کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کرتا ہے۔ سابق وزیر اعظم کے غیر ملکی دوروں سے متعلق تحریک انصاف کی درخواست پر تحریری جواب وزیر خارجہ خواجہ آصف نے سینٹ جمع کرایا۔ تفصیلات کے مطابق نواز شریف نے بطور وزیر اعظم 64 غیر ملکی دورے کیے، جن پر ایک ارب روپے سے زائد خرچ ہوئے۔ نواز شریف نے 2013 میں دس، 2014 میں گیارہ، 2015 میں تئیس اور 2016 میں نو غیر ملکی دورے کیے۔ نوازشریف سال 2017 میں بھی 9 غیر ملکی دوروں پر گئے۔ سابق وزیراعظم نے سب سے زیادہ 7 بار سعودی عرب کے دورے کیے جبکہ امریکا کے 6 بار دورے کیے جن میں سے چار اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے کیے گئے۔ وزیر خارجہ نے گزشتہ 5 سال کے دوران سعودی عرب میں سزائے موت پانے والے پاکستانیوں کی تفصیلات بھی ایوان بالا میں پیش کیں۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جنوری 2013 سے اب تک کْل 66 پاکستانیوں کو پھانسی دی گئی۔ 2013 میں دس، 2014 میں تیرہ، 2015 میں چودہ، 2016 میں سات، 2017 میں چودہ اور 2018 میں اب تک 8 پاکستانیوں کو پھانسی دی گئی۔ ان پاکستانی شہریوں کو منشیات، زنا، قتل اور عصمت دری کے الزام میں پھانسی دی گئی، سب سے زیادہ پاکستانیوں کو منشیات کے الزام میں پھانسی دی گئی۔سینٹ میں وقفہ سوالات کے دوران بتایا گیا کہ پاکستان میں ہر سال تمباکو کے استعمال سے ایک لاکھ ساٹھ ہزار 159لوگ موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔ تمباکو نوشی پر کئے جانیوالے اخراجات کی لاگت تقریباً 143ارب روپے سے زائد ہے۔ تقریباً 2کروڑ 40لاکھ افراد جوکہ 19.1فیصد آبادی ہے تمباکو کا استعمال کر رہی ہے۔ وزیراعظم ٹی بی کے حوالے سے ملک بھر میں (کل) جمعہ کو ایمرجنسی ڈکلیئر کریں گے۔ قائد حزب اختلاف شیری رحمان نے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے منصوبہ میں اربوں روپے کی مبینہ بدعنوانی کے معاملات نیب میں زیر تفتیش ہونے کے حوالے سے تحریک التواء سینٹ میں پیش کردی ، چیئرمین سینٹ نے حکومت اور حزب اختلاف کے اتفاق رائے سے تحریک کو بحث کیلئے منظور کر لیا، تحریک پر آج (جمعرات) کو بحث کی جائے گی۔