الجزائر : فوجی طیارو گر کر تباہ ، 257 افراد ہلاک
الجزائر+ماسکو (آئی این پی‘ اے ایف پی) الجزائر میں فوجی دستے اور جنگی سامان لے جانے والا فوجی طیارہ گر کر تباہ ہونے سے 257 افراد ہلاک ہوگئے،طیارہ حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں فوجی اہلکار انکے خاندانوں کے افراد اور عملے کے 10ارکان بھی شامل ہیں ،طیارے کے گرنے سے پہلے اس میں آگ بھڑک اٹھی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق الجزائر کے دارالحکومت سے 30 میل کی دوری پر فوجی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔ طیارے نے ملٹری بیس کے نزدیک ایئرپورٹ بوفارک سے پرواز بھری تھی کہ اچانک گر کر تباہ ہوگیا ۔ طیارہ سوویت ساختہ الیوشن آئی ایل 76 تھا جو طویل فاصلے تک پرواز کرسکتا تھا .مقامی میڈیا کے مطابق طیارہ فوجی دستوں اور ساز و سامان کو لے کر بوفارک ایئرپورٹ سے اپنی منزل کی جانب رواں دواں تھا کہ حادثے کا شکار ہو گیا۔ حکومت نے واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو دہشت گردی کے پہلو سمیت دیگر وجوہات معلوم کرے گی۔ تاحال ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت نہیں ہو سکی۔ حکومتی ذرائع نے بھی ہلاکتوں سے متعلق کسی قسم کے تبصرے سے گریز کیا ہے۔ دوسری جانب روس کی نجی ایئر لائن کا ایم آئی 8 ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس سے عملے کے 6 ارکان ہلاک ہوگئے۔ روس کے شہر خراووسک میں نجی ہیلی کاپٹر ایم آئی 8 فنی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوگیا جیسے ہی ہیلی کاپٹر گرا اس میں آگ لگ گئی اور ہیلی کاپٹر میں سوار عملے کے 6 ارکان ہلاک ہوگئے۔