پھلروان ، نوپور تھل : ژالہ باری سے فصلیں تباہ، ستراہ :چھت گرنے سے اکلوتا بیٹاجاں بحق
لاہور+ کراچی (نامہ نگاروں سے+ نوائے وقت رپورٹ) گزشتہ شب ہونے والی بارش آندھی اور ژالہ باری سے فصلیں تباہ، چھت گرنے سے والدین کا اکلوتا بیٹا جاں بحق، بجلی کی لوڈ شیڈنگ بھی جاری رہی۔ تھانہ ستراہ کے علاقہ وڈالہ سندھواںکا 22سالہ فہد جو اکلوتا بیٹا تھا گزشتہ رات وہ کمرہ میں سویا ہوا تھا کہ تیز بارش کے باعث ان کے گھر کی چھت گر گئی جس کے نتیجہ میں 20سالہ نوجوان شدید زخمی ہوگیا جس کوطبی امدادکیلئے ہسپتال لایا گیا جہاں پر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگیا یاد رہے کہ جاں بحق ہونیوالا فہد اپنی ماں کا اکلوتا بیٹا تھا اور چند ماہ قبل اس کا والد بھی فوت ہوگیا تھا۔ شاہ پور سے گزشتہ رات شدید آندھی طوفان اور بارش سے کئی درخت گر گئے کئی مقامات پر تیزژالہ باری کے باعث زمین سفید ہو گئی کئی گھنٹے جاری رہنے والی بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہفتے میں یہ دوسری بارش تھی ماہرین کے مطابق بارش سے گندم کی فصل کی پیداوار بہتر ہو جائے گی۔ سیالکوٹ شہر اور گردونواح میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ میانہ پورہ شہاب پورہ شاہ سیداں رنگ پورہ کوٹلی لوہاراں ہیڈ مرالہ اگوکی چپراڑ چونڈہ موترہ قلعہ کالروالہ ستراہ بیگو والہ پسرو سمبڑیال بیگو والہ کے علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔ پھلروان اور گردونواح میں تیز آندھی کے بارش سے رات بھر تیز بارش ژالہ باری کا سلسلہ وقفے وففے سے جاری رہا جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا آندھی سے فصلوں اور کچے پکے مکانوں کو شدید نقصان پہنچا درخت بھی گر گئے ملکوال جانے والی ریلوے لائن درخت گر جانے کے باعث رکاوٹ بنی ۔ نور پور تھل نواحی گائوں پیلو وینس کے گردونواح میں شدید ژالہ باری سے فصلوں کو نقصان کسانونں کی گندم و چنا کی تیار فصلیں تباہ ہو گئیں تھل کا کسان مزید قرضوں کے بوجھ تلے دب جانے کا خدشہ ہے۔بہاولنگرشہر ی و دیہی علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی، کاروباری مراکز ٹھپ، سکول و کالجز سمیت گھروں میں پانی کے ذخائر ختم، شہری بلبلا اُٹھے۔ تاجر برادری پریشانی سے دو چار، 2018ء تک لوڈ شیڈنگ ختم کر نے کے دعوے پورے نہ ہوئے۔ عوام کی دُہائیاں، شہریوں کا روڈ بلاک کر کے حکومت کیخلاف سخت احتجاج، ٹریفک جام، مسافروں ایمبولینس کیلئے منزل تک پہنچنا محال ہو گیا۔ عوام کے جم غفیر نے شدید گرمی میں روڈز بلاک کر کے سخت ترین احتجاج کیا حکومت کیخلاف نعرے بازی بھی کی نے آئندہ جنرل الیکشن میں عوام کو جھوٹے خواب دکھانے والوں کا احتساب کرنے کا عندیہ دیتے فی الفور بجلی لوڈ شیڈنگ کے عذاب کو دور کرنے کا پر زور مطالبہ کیا۔ کراچی میں نیپرا کی 4 رکنی کمیٹی نے کے الیکٹرک کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا کے الیکٹرک نے کمیٹی کو لوڈ شیڈنگ کی صورتحال پر بریفنگ دی کے الیکٹرک نے نیپرا کمیٹی کو سوئی سدرن معاملے اور بجلی کی پیداوار سے بھی آگاہ کیا نیپرا کی کمیٹی آج سوئی سدرن گیس کمیٹی کا بھی دورہ کرے گی کمیٹی کے الیکٹرک پاور جنریشن پلانٹ کا بھی دورہ کرے گی نیپرا کمیٹی مختلف علاقوں اور شہر کے صنعتکاروں سے عوام سے بھی معلومات حاصل کرے گی۔ لدھیوالہ وڑائچ میں چھ گھنٹے کی موسلادھار بارش سے گیپکو کے درجنوں فیڈر ٹرپ ہونے سے علاقے میں بجلی بارہ گھنٹے بند رہی جبکہ گیپکو اہلکاروں نے صارفین کا فون سننا بھی گوارہ نہیں کیا۔ حافظ آباد شہر میں 10 سے 12 گھنٹے بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ اب بھی جاری ہے جس سے عوام کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔