• news

چینی صدر نے پاکستان کو علاقائی امن کا ستون قرار دیا‘ دفتر خارجہ

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے بتایا چین کے صدر شی جن پنگ نے پاکستان کو علاقائی امن و استحکام کا ستون قرار دیا ہے ۔ جمعرات کے روزبیجنگ سے ویڈیو لنک کے ذریعہ اسلام آباد کے صحافیوں کو پریس بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا چین نے دہشت گردی کے چیلنج سے نمٹنے کے حوالے سے پاکستان کے کردار اورپرامن ہمسائیگی کیلئے اس کی انتھک کوششوں کوسراہا ہے ۔ چین کے صدر شی جن پنگ نے باﺅ فورم کے موقع پر پاکستانی وزیراعظم کے ساتھ ملاقات میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کو شاندار الفاظ میں سراہا۔ سارک سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا سارک سمٹ کیلئے پاکستان کی تیاریاں مکمل تھیں لیکن بھارتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے اجلاس موخر کر دیا گیا۔ پاکستان باہمی معاملات کو کثیرالجہتی فورمز پر لانے کی کوششوں کی مذمت کرتا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں حالیہ بھارتی مظالم کے حوالے سے ترجمان نے کہا اس سلسلے میں وزیر خارجہ خواجہ آصف نے ایران اور ترکی کے اپنے ہم منصبوں سے رابطے کئے جبکہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور او آئی سی کی جانب سے بھی اس سلسلے میں بیانات جاری ہوئے اور انہوں نے بیگناہ کشمیریوں کے قتل عام کی مذمت کی۔ پاکستان مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھے گا، کشمیر کے دیرینہ تنازعہ کے پر امن حل کیلئے ہماری کوششیں جاری ہیں، ہم اس مسئلے کو عالمی سطح پر اٹھاتے رہیں گے۔ وزیر اعظم کا حالیہ دورہ کابل مثبت رہا اور مفید ثابت ہوا۔تعلقات بہتر کرنے کا واحد راستہ مزاکرات ہی ہیں، ترجمان نے سرحد پر گولہ باری سے متعلق افغان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا افغانستان کے پاس پاکستان کے خلاف الزامات کے ثبوت ہیں تو فراہم کرے، پاکستان نے کامیاب آپریشنز ضرب عضب اور ردالفساد کے زریعے ملک سے دہشت گردوں کا صفایا کر دیا ہے، یہاں سے فرار ہونے والے دہشت گردوں نے افغانستان کی سرزمین پر محفوظ ٹھکانے قائم کر رکھے ہیں ،داعش نے بھی وہاں اپنے قدم جمالئے ہیں جہاں سے وہ پاکستان کے اندر چوکیوں کو نشانہ بناتے ہیں۔ ترجمان نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وزیر دفاع نے ماسکو سیکورٹی کانفرنس میں شرکت کی غرض سے روس کا دورہ کیا۔ دورہ سیکورٹی امور سے متعلق پاک روس معمول کے رابطوں کا حصہ تھا۔شام کے حوالے سے ترجمان نے کہا پاکستان شام کی علاقائی سالمیت و خود مختاری کا احترام کرتا ہے۔ امریکی سفارت خانہ کے ملٹری اتاشی کرنل جوزف ایمانوئل کی کار حادثہ کے معاملے پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا معاملے کی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے امریکی سفارت خانے نے تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔
دفتر خارجہ

ای پیپر-دی نیشن