• news

کوہلو‘ ڈیرہ بگٹی میں بارودی سرنگ دھماکے‘ راہگیر جاں بحق‘ سکیورٹی اہلکار سمیت 2زخمی

کوئٹہ‘ پشاور، دیر( بیورو رپورٹس‘ اے پی پی) ضلع کوہلو کے علاقے میں بارودی سرنگ کے دھماکہ میں راہگیر جاں بحق دوسرا زخمی ہو گیا۔ لیویز ذرائع کے مطابق جمعرات کو کوہلوی کی تحصیل کاہان کے علاقے نساﺅ میں موٹر سائیکل سڑک کنارے نصب بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔ علاوہ ازیں ضلع ڈیرہ بگٹی کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکہ ایک اہلکار زخمی‘ لیویز ذرائع کے مطابق جمعرات کو ڈیرہ بگٹی کے علاقے سنگسیلہ میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکے سے ایک اہلکار معمولی زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔محکمہ انسداد دہشت گردی پشاور نے تباہی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو رکشے میں بارودی مواد اور بموں میں استعمال ہونے والے دیگر آلات منتقل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا، گرفتار دہشت گردوں میں ایک کا تعلق افغانستان جبکہ دوسرے کا وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے خیبر ایجنسی سے ہے جنہیں مزید تفتیش کےلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ۔سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے ارباب لنڈی روڈ پشاور پر ایک رکشہ کو روکا جس میں سوار 2 مشتبہ افراد کے قبضے سے 2 کلو گرام بارود، نٹ بولٹ، 5 فٹ پرائمہ کارڈ، 2سیفٹی فیوز، گھی کا ڈبہ اور ایک پستول برآمد کرکے انہیں گرفتار کرلیا، گرفتار افراد میں عادل عرف عبد الرحمن ولد سید محمد ساکن افغانستان حال پہاڑی پورہ اور عظمت ولد گلاب ساکن ملک دین خیل خیبر ایجنسی شامل ہیں۔علاوہ ازیں پولیس کے مطابق گزشتہ روز تھانہ پشتہ خرہ کی حدود میں کرکٹر عمر گل روڈ پر واقع چوکی کے قریب مشکوک گھی کے ڈبے کی اطلاع ملی جس پر علاقے کا محاصرہ کرکے فوری طور پر بم ڈسپوزل یونٹ عملے کو طلب کرلیا جنہوں نے گھی کے ڈبے میں بارودی مواد کی موجودگی کی تصدیق کرتے ہوئے اسے ناکارہ بنا دیا۔ پولیس کے مطابق گھی کے ڈبے میں 2 کلو گرام بارودی مواد نصب کیا گیا تھا جسے بروقت کارروائی کے دوران ناکارہ بنا کر تباہی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔اے پی پی کے مطابق دیرمیں سکیورٹی فورسزنے آپریشن کے دوران بھاری اسلحہ برآمدکرکے علاقے کوتباہی سے بچالیا۔خفیہ اطلاع پرسکیورٹی فورسزنے آپریشن کے دوران ایک ایچ ایم جی، دوآرجزگرنیڈ، تین سیفٹی پین ،ایک آئی آئی ڈی پریشرککر، بارہ موبائل بیٹری،ایک ایچ ای 36گرینڈ،جی ڈرم میگزین،آرپی جی،7بم اور دس ایم جی گولیاں برآمدکرلئے۔
بارودی /سرنگ دھماکے

ای پیپر-دی نیشن