نوازشریف جہانگیر ترین دیگر کی نااہلی‘ سپریم کورٹ مدت کا فیصلہ آج سنائے گی
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت ) سپریم کورٹ آف پاکستان میں سابق وزیر اعظم مےاں محمد نواز شریف جہانگیر ترین اور دیگر کی نااہلی کی مدت کے تعین کے حوالے سے محفوظ کےا جانے والا فیصلہ آج بروز جمعہ سنایا جائے ۔ کیس کا فیصلہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثارکی سربراہی میں جسٹس عظمت سعید شیخ، جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل چاررکنی بنچ آج گیارہ بجے سنائے گا۔واضح رہے سابق وزیر اعظم کی آئین کے آرٹیکل 62ون ایف پر نااہلی کے فیصلے پر عدالت عظمیٰ میں نااہلی کی مدت کے تعین سے متعلق درخواستیں دائر کی گئی تھی ۔ 26 جنوری کو سپریم کورٹ نے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نا اہل ہونے والے ارکان پارلیمنٹ کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کےلئے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس عظمت سعید شیخ، جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل 5رکنی لارجر بنچ تشکیل دیا ، سپریم کورٹ نے پانامہ کیس سے متعلق 28 جولائی 2017 کے فیصلے میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دیا تھا، جس کے بعد وہ وزارت عظمیٰ کے عہدے سے سبکدوش ہوگئے تھے،دوسری جانب گزشتہ سال ہی15 دسمبر کو عدالت عظمیٰ نے تحریک انصاف کے رہنماءجہانگیر ترین کو بھی نااہل قرار دیا تھا،جس کے بعد اس بحث کا آغاز ہوا آیا سپریم کورٹ کی جانب سے ان افراد کو تاحیات نااہل قرار دیا گیا یا یہ نااہلی کسی مخصوص مدت کےلئے ہے،اس شق کی تشریح کے حوالے سے سپریم کورٹ میں 13 مختلف درخواستیں دائر کی گئی،درخواستوں میں مطالبہ کیا گیا آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت تاحیات نااہلی کا قانون ختم کرکے اس کی مدت کا تعین کیا جائے، سپریم کورٹ آف پاکستان میں آرٹیکل 62 ون ایف کیس کی سماعت کے دوران فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر 14فروری کوفیصلہ محفوظ کیا تھا۔
ناااہلی مدت