بعض سیاسی عناصر جنوبی پنجاب صوبے کے نام پر عوام کے جذباتی استحصال کی کوشش کر رہے ہیں : شہبازشریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک کی ترقی کی اصلی تبدیلی اور عوام کی خوشحالی کا حقیقی انقلاب لا رہی ہے۔ متوازن ترقےاتی حکمت عملی کے تحت کم ترقی ےافتہ علاقوں کی ترقی پر بھی خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے جنوبی پنجاب کو آبادی کے تناسب سے زائد ترقیاتی فنڈز دیئے جس کا نتیجہ جنوبی پنجاب میں ترقی کی حقیقی صورت میں نظر آ رہا ہے۔ شہباز شریف نے جنوبی پنجاب کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقات میں کہا کہ جنوبی پنجاب حقیقی ترقی پر گامزن ہو چکا ہے۔ عوام ترقی اور خوشحالی کیلئے دن رات ایک کرنے والی حقیقی لیڈرشپ کو جانتے ہیں۔ بہاولپور صوبہ کی بحالی اور جنوبی پنجاب کے حوالے سے عملی اقدامات کرنے کا سہرا مسلم لیگ (ن) کے سر ہے جبکہ بعض سیاسی عناصر صوبے کے نام پر عوام کے جذباتی استحصال کی مذموم کوشش کر رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے جنوبی پنجاب کو رواں مالی سال میں مجموعی طور پر 42 فیصد سے زائد ترقیاتی فنڈز فراہم کئے۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت ہمیشہ جنوبی پنجاب کے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے۔ سیلاب ہو یا کوئی آفت، حادثہ ہو یا کوئی مشکل، ہم نے ہمیشہ منتخب نمائندوں کے ساتھ مل کر جنوبی پنجاب کے عوام کی بھرپور خدمت کی ہے۔ جنوبی پنجاب کے دیہات میں ”پکیاں سڑکاں۔سوکھے پینڈے“ کے تحت ہزاروں کلومیٹر طویل سڑکوں کی تعمیر و توسیع کی گئی ہے۔ ترقی کی منزل کے سفر کی راہ کھوٹا کرنے کی کوششیں ناکام ہوں گی جبکہ پنجاب سے شروع ہونے والا ترقی کا سفر پورے پاکستان تک پھیل جائے گا۔ ارکان اسمبلی نے کہا کہ شہبازشریف جنوبی پنجاب کے عوام کے حقیقی لیڈر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدترین سیلاب میں راجن پور کے عوام کو اپنا جان کو دل و جان سے خدمت کی۔ شہبازشریف سے وفاقی وزیر مواصلات، سینیٹر حافظ ڈاکٹر عبدالکریم، صاحبزادہ فیض الحسن، سردار محمد امجد خان کھوسہ، سلطان محمود ہنجرا، ڈاکٹر حفیظ الرحمن دیشک، سید ساجد مہدی، میاں امتیاز احمد، شیخ فیاض الدین، نغمہ لانگ، سردار شیر علی گورچانی، سردار عاطف حسین خان مزاری، چوہدری کرم داد واہلہ، رانا اعجاز احمد نون، ذیشان گورمانی، اےم پی اے رئےس محبوب، سید عاشق حسین بخاری، ملک احمد علی اولکھ شامل تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت اور دہشت گردی کی شدید مذمت کی اور کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کےا۔ شہباز شریف نے شہید ہونےوالے کشمیری نوجوانوں کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پےش کےا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔ وزےراعلیٰ شہبازشرےف نے کہا ہے کہ بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں سفاکیت اور درندگی کی تمام حدیں پار کر لی ہیں۔ بھارتی ریاستی دہشت گردی سے بچے، بیٹیاں، نوجوان اور بزرگ بھی محفوظ نہیں۔ عالمی برادری کے سوئے ہوئے ضمیر کو بھی جاگنا پڑے گا۔ کشمیری عوام اپنے قیمتی لہو سے آزادی کی نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔ بھارت جان لے کہ تاریخ میں کہیں بھی ریاستی دہشت گردی کے ذریعے آزادی کو تحریکوں کو نہیں دبایا جا سکا۔
شہباز شریف