جمعیت علماء اسلام کی تقریب
ممتاز احمد بڈانی
جمعیت علماء اسلام سعودی عرب کے مرکزی صدر مولانا حمداللہ عثمانی کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب. جمعیت علمائ اسلام ریاض نے مرکزی صدر مولانا حمداللہ عثمانی کے اعزاز میں ایک پر وقار تقریب کا اہتمام کیا. تقریب کا آغاز قاری قاسم محمد محمدی کی تلاوت کلام پاک سے کیا گیا. نظامت کے فرائض جے. یو. آئی ریاض کے جنرل سیکرٹری سردار عبدالباسط مجاہد نے انجام دیئے. تقریب میں بڑی تعداد میں کارکنوں نے شرکت کی مقررین نے مولانا عثمانی کی بہترین خدمات کو خراج تحسین پیش کیا. مہمان خصوصی مرکزی صدر مولانا عثمانی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر، فلسطین اورافغانستان میں بڑھتا ہوا ظلم و جبر امن عالم کے ٹھیکیداروں کے چہرے کی وہ سیاہی ہے جس نے بہت کچھ دھندلا کر رکھ دیا ہے کشمیر میں بھارتی فوج نے درندگی اور سفاکیت کی تمام حدیں پار کر کے پورے عالم انسانیت کے منہ پر ایک زور دار طمانچہ رسید کیا ہے. مولانا عثمانی نے مزید کہا کہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر میں انسانیت دشمن اور اسلام دشمن قوتوں کی بدترین ریاستی دہشت گردی میں درجنوں بے گناہ مسلمانوں کی شہادت اور سینکڑوں کے زخمی ہونے کے واقعات کے بعد افغانستان میں ایک دینی مدرسے کی تقریب پر وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں 150 کے قریب علماء و حفاظ اور مسلمانوں کو خون میں تڑپا کر پوری امت مسلمہ کو پیغام دیا کے مشرق ہو یا مغرب دنیا کے ہر خطے میں صرف مسلمانوں کے خلاف جنگ تیز کردی ہے. جمعیت علماء اسلام سعودی عرب کے مرکزی جنرل سیکرٹری حافظ ذاکر جذبی نے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حفظ قرآن کی تکمیل کی خوشیاں منانے والے معصوم بچوں کے خون کے ساتھ ہولی کھیل کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ اصل دشمنی اسلام اور قرآن سے ہے. ذاکر جذبی نے کہا کہ حیرت کی بات ہے کہتے ہیں کشمیر پر کشمیر کمیٹی کے چیئرمین نے کیا کام کیا ہے،آج پاکستان کا ہر خاص و عام کشمیر کمیٹی اور اس کے چیئرمین کے علاوہ نہ کسی کمیٹی کو جانتا ہے نہ ہی اس کے چیئرمین کو جس سے واضح ہوتا ہے کہ نیشنل کمیٹی کی تیس کمیٹیوں میں سے اگر نمایاں کردار ہے تو وہ صرف کشمیر کمیٹی کا ہے کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل الرحمن نے بین الاقوامی فورمز پر حکمت عملی اور جرت مندانہ موقف سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیااور عالمی اداروں میں پہلے سے کہیں زیادہ مسئلہ کشمیر نے توجہ حاصل کی. جمعیت علماء اسلام الریاض کے جنرل سیکرٹری سردار عبدالباسط مجاہد نے کہا کہ کشمیری مسلمانوں پر بھارتی فوجی جارحیت فلسطین اور شام کے نہتے مسلمانوں کا قتل عام امت مسلمہ پر یہود و ہنود اتحاد کا حملہ ہے. جمعیت علماء اسلام کے نائب امیر مولانا اسداللہ خان، جمعیت علماء اسلام ریاض کے امیر مولانا ہمایوں محسود نے کہا کہ آج پورا عالم اسلام لہولہان ہے. تقریب سے سیکر ٹری اطلاعات قاری محمد قاسم محمدی، قاری نصیر غوری، سید غفور احمد اور قاری گل نواب نے بھی خطاب کیا. تقریب کے آخر میزبان تقریب قاری عطا محمد اخونزادہ نے پر تکلف عشائیہ دیا۔.