پی آئی اے ریفرنڈم کی پولنگ سست روی کا شکار، چار روز میں 182 ووٹ کاسٹ
لاہور(خبر نگار) علامہ اقبال انٹر نیشنل ائیر پورٹ پر پی آئی اے ریفرنڈم کی پولنگ سست روی کا شکارہے اورچار روز کے دوران صرف182 ووٹ ڈالے گئے ہیں۔گزشتہ روز بھی فضائی میزبانوں نے ووٹ کاسٹ کیے اور چوتھے روز ہونے والی پولنگ میں 41ووٹ کاسٹ ہوئے۔ پولنگ 19اپریل تک جاری رہے گی۔ پی آئی اے ریفرنڈم میں جوڑ توڑ کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا ہے اور ائر لیگ کو ناکام بنانے کے لیے پیپلز یونٹی اور انصاف فرنٹ نے متحد ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ گزشتہ روز بھی ائر لیگ کے کارکنوں نے پیپلز یونٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ پیپلز یونٹی کے عہدیداروں نے شامل ہونے والے ملازمین کو خوش آمدید کہا اور مٹھائی تقسیم کی۔ ذرائع کے مطابق الیکشن میں ائر لیگ کو ناکام کرنے کے لیے پیپلز یونٹی اور انصاف فرنٹ کے علاوہ کراچی میں ایم کیو ایم کی حمایت یافتہ جماعت بھی متحد ہوگئی ہیں جس کے بعد ریفرنڈم میں پیپلز یونٹی کی کامیابی کے آثار بھی واضح ہو گئے ہیں۔