نیو اسلام آباد ائرپورٹ پر پی ایس او اور اے پی ایل کے اشتراک سے فیول فارم کا افتتاح
اسلام آباد (کامرس ڈیسک) وزیر اعظم کے مشیر برائے ہوابازی ڈویژن، سردار مہتاب احمد خان نے گزشتہ روز نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پاکستان کی سب سے بڑی اور جدید ترین فیول فارم سہولت کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ہم پی ایس او اور اے پی ایل کی جانب سے اس عظیم الشان اور جدید ترین فیول فارم سہولت کے ذریعے ہوابازی کی صنعت کو بہترین خدمات کی فراہمی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ یہ اقدام دونوں اداروں کی جا نب سے ہوابازی کے شعبے کو فیول کی بلا تعطل فراہمی کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ یہ سہولت ایوی ایشن انڈسٹری کی فیول کی بڑھتی ہوئی ضروریات موثر طور پر پوری کرنے کی جانب ایک بڑا قدم ہے جو پاکستان کے سب سے بڑے ائیرپورٹ پر اپنی خدمات انجام دینے کے لیے بالکل تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ میں پی ایس او اور اے پی ایل کو اس شاندار کامیابی پر مبارک باد دیتا ہوں اور یہ یقین دلاتا ہوں کہ حکومت دونوں اداروںکی پاکستان کے ایوی ایشن شعبے اور ملکی معیشت کی ترقی کے لیے کی جانے والی تمام کوششوں میں بھرپور مدد فراہم کرے گی۔ اس موقع پر ایم ڈی اور سی ای او پی ایس او شیخ عمران الحق کا کہناتھا کہ ہم پاکستان کے سب سے بڑے اور جدید ترین ائیرپورٹ پر ملک کی سب سے بڑی اور جدید ترین فیول فارم سہولت متعارف کراتے ہوئے نہایت خوشی محسوس کررہے ہیں۔ پی ایس او کئی عشروں سے ملک کی فیول ضروریات پوری کررہا ہے اور آج ہم نے ایوی ایشن کی فیول ضروریات احسن طریقے سے پوری کرنے میں اپنا قائدانہ کردارمزید مستحکم کردیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں اس شاندار اشتراک کار پر اٹک پیٹرولیم کو بھی مبارک باد پیش کرتاہوں ،وہ پیٹرولیم مصنوعات کے ذخیرے ،ہینڈلنگ اورترسیل کے لیے جدید ترین انفراسٹرکچر کی تعمیر کے لیے اپنا تجربہ بروئے کار لائے ہیں۔