• news

رمضان المبارک سے قبل لیسکو سسٹم کو تمام تکنیکی خرابیوں سے پاک کیا جائے: خالد سعید

لاہور (نیوز رپورٹر) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)کے سسٹم کو درپیش رکاوٹوں کے مکمل خاتمے کے لئے وار روم کے نام سے قائم مانیٹرنگ سیل کی کارکردگی کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ لیسکو ترجمان کے مطابق چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ اور جی ایم ٹیکنیکل خالد سعید اختر کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں چیف انجینئر پی ایم یو ممتاز خان، شاہد محمود منیجر مٹیریل مینجمنٹ، پی ڈی کنسٹرکشن احمد فواد، پی ڈی جی ایس سی رفعت محبوب، ایڈیشنل منیجر پی اینڈ ڈی سلمان مجید بٹ سمیت تمام سرکلز کے ڈی ڈی ٹیکنیکل موجود تھے اس موقع پر پی ڈی کنسٹرکشن احمد فواد نے جی ایم ٹیکنیکل خالد سعید کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ11kvکے کل 90 فیڈروں میں سے75 فیڈروں پر کام مکمل کرلیاگیا ہے جو اوور لوڈڈ تھے۔ اس کے ساتھ ایل ٹی کی کل 1479میں سے 872تکنیکی خرابیاں بھی دور کردی گئی ہیں جبکہ بقایا 607پر بھی بتدریج کام مکمل کیا جارہا ہے۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر رفعت محبوب نے 132kvسسٹم پر موجود کنسٹرینٹس پر جاری کام کے حوالے سے بریفنگ دی۔ چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ نے چیف انجنئیر ممتاز خان کو ہدایت جاری کی کہ دو روز کے اندر نئی پالیسی کے مطابق پی ایم یو پروکیورمنٹ پلان پر نظر ثانی کرکے منظوری کے لئے جمع کروایا جائے۔ جی ایم ٹیکنیکل خالد سعید اختر نے کہا کہ کنسٹرکنٹس کے خاتمے کے لئے جاری کام میں تیزی لائی جائے تاکہ رمضان المبارک سے قبل سسٹم کو تمام تکنیکی خرابیوں سے پاک کیا جاسکے۔ واضح رہے کہ وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن اویس احمد خان لغاری کی ہدایت پر وار روم کے نام سے بننے والے مانیٹرنگ سیل کے لئے سلمان مجید ایڈیشنل مینجر پی اینڈ ڈی کو لیسکو کی جانب سے فوکل پرسن تعینات کیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن