برسراقتدار آکر فاٹا بل میں مزید بہتری لائیں گے: زرداری ملک اعجاز اور 2 لیگی رہنماﺅں کی پیپلزپارٹی میں شمولیت
لاہور+ اسلام آباد (خبرنگار+ نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی قبائلی عوام اور ان کی جدوجہد کی حمایت کرتی ہے اور اقتدار میں آکر فاٹا بل میں مزید بہتری لائی جائے گی۔ پیپلز پارٹی کے اعلامیے کے مطابق پی پی پی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری سے فاٹا یوتھ جرگہ کے وفد نے ملاقات کی جس میں فاٹا انضمام اور ہائیکورٹ، سپریم کورٹ کے دائرہ اختیار کو فاٹا تک وسیع کرنے سے متعلق بل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آصف زرداری نے یوتھ جرگے کے اراکین کو فاٹا بل سے متعلق بل کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔اس حوالے سے فاٹا یوتھ جرگے کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی کی پہلی سیڑھی ہے اور فاٹا کا انضمام ہماری منزل ہے۔ اس موقع پر آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی قبائلی عوام اور ان کی جدوجہد کی مکمل حمایت کرتی ہے اور اقتدار میں آکر فاٹا بل میں مزید بہتری لائی جائے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ قبائلی علاقوں میں نافذ ٹیکس ختم کئے جائیں۔ علاوہ ازیں فاٹا یوتھ جرگہ نے چیئر مین سینٹ صادق سنجرانی ‘ اپوزیشن لیڈر شیری رحمان اور دیگر رہنماﺅں سے ملاقات کی۔ آئی این پی کے مطابق آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہمیں ملک کا مفاد سب سے زیادہ عزیز ہے‘ اقتصادی راہداری کا اصل نقشہ بھی یہی ہے کہ ملک کی ترقی کے ثمرات چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کے عوام میں منصفانہ طریقے سے تقسیم ہوں۔ جمعہ کے روز زرداری ہاﺅس اسلام آباد میں عوامی نیشنل پارٹی کے ممبر فیڈرل کونسل اور مردان سے ٹکٹ ہولڈر ملک اعجاز خان کی طرف سے ے این پی چھوڑ کر پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے سابق صدر نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی کی بنیادی ترجیح غربت‘ بیروزگاری اور اندھیروں کا خاتمہ ہے۔خبرنگار کے مطابق مانگا منڈی سے مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنما رانا جمیل منج اور شادباغ سے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور حمزہ شہباز کے سابق کوآرڈینیٹر ملک اصغر علی نے گزشتہ روز پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر قمر الزمان کائرہ کی پریس کانفرنس میں پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
زرداری