• news

منتخب وزیراعظم کو ٹرائل کے دوران ہی نااہل کردیا گیا عوام فیصلہ قبول نہیں کرینگے: مریم اورنگزیب

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت)سپریم کورٹ کی جانب سے جاری آرٹیکل 62ون ایف کی تشریح کیس کے فیصلہ پروزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک کے منتخب وزیراعظم کو ایک الزام پر تاحیات نااہل کردیا گیا، عدالت نے شریف فیملی کے خلا ف فیصلے دینے کی روٹین برقرار رکھی ہے، ن لیگ نواز شریف کی سیاست کا آج سے وہ دور شروع ہورہا ہے جس سے مخالفین کو ڈرنا چاہئے‘ مسلم لیگ (ن) کا ووٹر آج بھی ساتھ کھڑا ہے‘ ٹرائل میں نواز شریف پر ایک روپے کی کرپشن بھی ثابت نہیں ہوسکی‘ فیصلہ ٹرائل سے پہلے ہی آچکا ہے جس کیس میں ابھی جرح جاری ہے اس میں منتخب وزیراعظم کو نااہل قرار دیدیا گیا۔ نواز شریف کے خلاف کوئی دستاویز نہیں ملی‘ کسی بھی سیاستدان کی نااہلی کا فیصلہ عوام کرے گی ‘ جس آمر پرویز مشرف نے ملک کا قانون توڑا اس پر کوئی از خود نوٹس نہیں لیا جاتا۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈےا سے گفتگو کرتے مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ وہ ایسے فیصلوں کے گھبرانے والے نہیں، سپریم کورٹ کا آنے فیصلہ ایساہی ہے جیسے فیصلے کے تحت بھٹو کو پھانسی چڑھایا گیا اور بےنظیر بھٹو کو شہید کیا گیا، آج پھر پاکستان کے تیسری مرتبہ منتخب وزیراعظم کو تاحیات نااہل کیا گیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ نوازشریف کو پہلے نااہل کیا گیا، پارٹی کی صدارت سے ہٹایا گیا اور سینیٹ الیکشن میں مقبول ترین جماعت کو حصہ لینے سے روکا گیا۔ اس کی نااہلی کا فیصلہ عوام کرے گی، اس طرح کی نااہلی کا فیصلہ طیارہ کیس میں بھی آیا۔ نوازشریف عوام کے دلوں میں بستے ہیں، اس نااہلی کو بھی عوام قبول نہیں کرے گی۔ مسلملیگ ن کے ووٹر دل چھوٹا نہ کریں، جس عزم کو ووٹر نے اٹھایا اس فیصلے کے بعد وہ اور بھی مضبوط ہوگا، ملک میں ووٹ کی پامالی اب نہیں ہوسکتی، ووٹر مضبوط ہیں، اصل کام اب شروع ہوا ہے۔ انہوں نے کہا جو بھی منتخب وزیراعظم کے ساتھ ہوتا آیا اس سے آج تک پاکستان جمہوریت کا مقدمہ لڑرہا ہے، اس کو نواز شریف آخری مراحل تک پہنچائیں گے۔سپریم کورٹ کی عزت ہم سب پر لازم ہے، کسی ادارے کے بارے میں کوئی ایسی چیز بیان نہیں کی جو کسی کی ہتک عزت ہو، کیس کا فیصلہ جاری ہونے کے بعد وہ عوامی پراپرٹی بن جاتا ہے اس پر اظہار خےال کےا جاسکتا ہے۔
مریم اورنگزیب

ای پیپر-دی نیشن