عدالتی فیصلے انتقامی کارروائیاںق مقابلہ کرینگے‘ کارکن کال کا انتظار کریں : نوازشریف
لاہور (آئی این پی+ صباح نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد، سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ مجھے سپریم کورٹ کی جانب سے اسی قسم کے فیصلے کی توقع تھی، عدالتی فیصلے میرے خلاف انتقامی کارروائیاں ہیں، کارکن ابھی صبر و استقامت کا مظاہرہ کریں۔ جمعہکی نماز کے بعد جاتی امرا میں نواز شریف کی رہائش گاہ پر محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم نے کارکنوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کارکن پارٹی قیادت کی کال کا انتظار کریں۔ حالات کا مقابلہ متحد ہو کر کریں گے۔ انہوں نے کہا اس قسم کے فیصلوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ میں ہی ہدف ہوں۔ ایسے فیصلوں کے ذریعے عوام سے ان کی قیادت نہیں چھینی جا سکتی۔ اس موقع پر کارکنوں نے نواز شریف کے حق میں خوب نعرے بازی کی اور نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا میاں صاحب حکم کریں، ہم ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔ نوازشریف نے کہاکہ ماضی میں بھی رکاوٹیں کھڑی کی جاتی رہی ہیں۔ لیکن ہم نے مقابلہ کیا اور اب بھی تیار ہیں‘ نااہلیوں کے فیصلے عوامی مشن سے نہیں ہٹا سکتے۔ کارکنان سے غیررسمی گفتگو کے دوران جاتی امرا میں جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے۔ بعدازاں ملکی سلامتی اور بیگم کلثوم نواز کی صحت یابی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔
نوازشریف