مقبوضہ کشمیر میں مظالم ‘ شہباز شریف نے بھارتی ہائی کمشنر کیساتھ ملاقات سے انکار کر دیا:آئی این پی کا دعویٰ
لاہور (آئی این پی) وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں بیگناہ کشمیریوں کی شہادت کے باعث پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر سے طے شدہ ملاقات منسوخ کردی، ملاقات (آج) ہفتے کو لاہور میں ہونی تھی، اجے بساریہ نے وزیراعلی پنجاب سے ملاقات کے لئے تحریری اجازت لی تھی۔ آئی این پی نے دعویٰ کیا حالیہ دنوں میں کشمیر میں ہونیوالے ظلم وبربریت کی وجہ سے وزیراعلی پنجاب نے بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ سے ملنے سے انکار کیا ہے۔ نئی دہلی میں بھارت دفترخارجہ کے مطابق اجے بساریہ نے وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف سے ملاقات کے لئے تحریری اجازت لی تھی اور یہ ملاقات ہفتہ 14اپریل کو لاہور میں ہونی تھی، تاہم کشمیر میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور بھارتی فوج کے ظلم وستم کی وجہ سے شہبازشریف نے اس ملاقات سے انکار کردیا ہے۔ اسلام آباد میں بھارتی سفارتخانے کے حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اجے بساریہ نے آج تین روزہ دورے پر لاہور آنا تھا۔