• news

بیساکھی میلہ‘ گوردوارہ سری پنجہ صاحب میں تقریبات شروع‘شہبازشریف کی سکھ برادری کو مبارکباد

حسن ابدال+ لاہور ( آن لائن+ خبرنگار) حسن ابدال ،بیساکھی میلہ کی تقریبات گوردوارہ سری پنجہ صاحب میں شروع ہوگئیں۔ میلہ میں بھارت سے1296 سکھ یاتری تین خصوصی ٹرینوں کے ذریعے حسن ابدال پہنچ گئے۔ ہندوستانی سکھ یاتریوں کا ریلوے سٹیشن حسن ابدال پہنچنے پر اِنتظامیہ کے افسران نے والہانہ اِستقبال کیا۔ سکھ یاتریوں کو سخت حفاظتی اِنتظامات کے تحت گوردوارہ سری پنجہ صاحب لایا گیا۔ میلہ میں اندرون ملک سے سکھوں اور ہندووٗں کی بھی بڑی تعداد میں شرکت۔ بیساکھی میلہ کے موقع پرشہر اورگوردوارہ پنجہ صاحب کے اطراف میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے چیک پوائنٹ ۔گوردوارہ جانے والے راستے ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند۔ گوردوارہ پنجہ صاحب کے اطراف میں واقع سرکاری سکولوں میں تعطیلات ۔بیساکھی میلہ کی تقریبات تین روز جاری رہیں گی جو 15اپریل کو رسم بھوگ کے بعد اختتام پذیر ہونگی۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے بیساکھی کے تہوار کے موقع پر سکھ برادری کو مبارکباد دی ہے۔ سکھ برادری کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ برصغیر پاک و ہند میں بیساکھی کے تہوار کو جوش و خروش سے منانے کی تاریخ صدیوں پرانی ہے۔ دیسی مہینہ بیساکھ بہار کے موسم کی علامت اور بیساکھی پیار‘ محبت اور خوشیاں باٹنے کا تہوار ہے۔

ای پیپر-دی نیشن