قوم عدلیہ اور اداروں سے یکجہتی کیلئے تیار ہے : عمران
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) ق لیگ کے مرکزی رہنما چودھری ظہیرالدین اور مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے بلال ورک پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہو گئے۔ انہوں نے بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات کے موقع پر پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ عمران نے چودھری ظہیرالدین اور بلال ورک کے گلے میں اپنی جماعت کے جھنڈے کے سکارف بھی پہنائے۔ دونوں رہنما الگ الگ ملاقات میں پی ٹی آئی میں شامل ہوئے۔ اس موقع پر جہانگیر ترین، علیم خان بھی موجود تھے۔ چودھری ظہیرالدین اور بلال ورک نے کہا کہ وہ اپنی اپنی جماعتوں سے مستعفی ہو کر اپنے دیگر ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں باضابطہ شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ 29 اپریل نئے پاکستان کی بنیادیں اٹھانے کا دن ہے۔ قوم اپنی عدلیہ اور اداروں کیساتھ یکجہتی کے اظہار کیلئے تیار ہے۔ طاقتور مافیا کے احتساب پر چیف جسٹس اور انکے ساتھی ججز تحسین کے مستحق ہیں۔ اپنے بچوں کی جائیدادیں بنانے کیلئے قوم کی آئندہ نسلوں پر غلامی، غربت اور جہالت مسلط کی گئی، نظریاتی سیاست کا دور لوٹ رہا ہے۔ اداروں کو بلیک میل کرنے دیں گے نہ انہیں بھاگنے دیں گے۔بلال ورک نے کہا کہ عمران خان کرپشن سے نجات کیلئے پنجاب کے عوام کی امیدوں کا محور ہیں۔ ایک خاندان نے اپنے اثاثے بنانے کیلئے پنجاب اور ملک کے وسائل بیدردی سے لوٹے۔ اپنی چوری بچانے کیلئے پارلیمان کو بے توقیر اور ریاستی اداروں پر یلغار کی گئی۔
عمران