سپریم کورٹ کے انٹرنل آڈٹ رپورٹ طلب کرنے پر پی آئی اے کے اعلیٰ افسروں میں کھلبلی
لاہور (خبرنگار) سپریم کورٹ کی جانب سے پی آئی اے کی انٹرنل آڈٹ رپورٹ طلب کرنے پر اعلیٰ انتظامی افسران پریشان ہو گئے۔ مالی بحران پیدا کرنے والے اور سیاسی بھرتیاں کرنے والے افسر بھی تحقیقات کی زد میں آ گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پی آئی اے میں سابق ادوار کے اعلیٰ افسروں کی رپورٹس مرتب ہونا شروع ہو گئی ہیں۔ پی آئی اے میں گزشتہ دس برسوںمیں 10 ایم ڈی تبدیل کئے گئے۔ 2008ء سے 2018ء کے عرصے میں پی آئی اے میں ظفر اے خان، اسلم یار خان، کیپٹن اعجاز ہارون، کیپٹن ندیم یوسف زئی، کیپٹن رائو قمر سلمان، کیپٹن جاوید یونس، ناصر جعفر،شاہ نواز رحمان، عرفان الٰہی، برنڈ ہیلڈن برنڈ اور موجودہ سی ای او مشرف رسول سیان شامل ہیں۔ تمام ادوار کے افسروں کے اثاثوں کی چھان بین شروع ہو چکی ہے جس کی وجہ سے افسران میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ افسروں نے اپنی جانیں بچانے کیلئے بھاگ دوڑ شروع کر دی ہے۔